کڑے فیصلے ناگزیر، ایک اور آئی ایم ایف پروگرام درکار،چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سب کو مل بیٹھنا ہوگا،وزیراعظم
اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے ملکی معیشت کو بہت بڑے چیلنجز درکار ہیں لیکن معیشت جلد اپنے پاوں پر کھڑی ہوگی اور ہم اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب ہوں گے،خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی کا تعارفی اجلاس اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور عسکری قیادت بھی شریک ہوئی،سابق نگران وزیراعظم سمیت سابق نگران کابینہ نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی، اجلاس میں نگران دور حکومت میں ایس آئی ایف سی کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس کے شرکا کو آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے آگاہ کیا اور معیشت کی بحالی کیلئے معاشی ٹیم کا پلان بھی ایس آئی ایف سی کے سامنے رکھا،وزیر اعظم نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا اس پلیٹ فارم کا مقصد بیرون ملک سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنا ہے، آج کے اجلاس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے منتخب نمائندے اور عسکری قیادت موجود ہے، یہ اس بات کا واضح پیغام ہے کہ ملکی ترقی کیلئے ہم سب اکٹھے ہیں،معیشت کو بہت بڑے چیلنجز درپیش ہیں، بہت جلد ملکی معیشت اپنے پاوں پر کھڑی ہوگی اور ہم اپنے مقاصد میں کامیاب ہوں گے، ہمیں ہر میدان میں ریفارمز لانی ہیں، شہباز شریف نے کہا آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ ہو چکا ہے، کچھ دنوں تک آئی ایم ایف سے قسط مل جائے گی، ہمیں اس میکرو سٹیبلٹی کو آگے لے کر جانا ہے ، ہمیں مزید ایک پروگرام چاہیے، اس کا دورانیہ 3سال تک ہو سکتا ہے، پروگرام کے تحت اصلاحات لانا بہت ضروری ہیں،ساڑھے 1300 ارب روپے اگر آپ کے پاس آجائیں تو ہم اس کشکول کو توڑ سکتے ہیں، وفاق میں اتحادی حکومت ہے، صوبوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کی حکومتیں ہیں، غریب مہنگائی میں پس چکا ہے، وفاق اکیلا چیلنجز کا مقابلہ نہیں کر سکتا، امید ہے سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھے جائیں گے، ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا،وزیراعظم نے مزید کہا آگے ہمیں بہت کڑوے فیصلے کرنے ہیں، ان فیصلوں کا بوجھ ان طبقوں پر آنا چاہیے جو یہ بوجھ اٹھا سکیں، ماضی میں اشرافیہ کے لیے سبسڈیز دی گئیں، شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں آنے والے وقت کے لیے ایس آئی ایف سی کے اہداف بھی طے کیے گئے۔ دوسری طرف سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کے اجلاس میں تمام صوبوں نے باہمی تعاون کے ساتھ مل کر چلنے کے عزم کا اظہار کیا،ذرائع کے مطابق سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کا اجلاس بہترین ماحول میں ہوا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا نئی حکومت کے قیام کے بعد ایس آئی ایف سی کا یہ تعارفی اجلاس تھا ہم تعاون کیلئے تیار ہیں،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا سرمایہ کاری میں ہمارا حصہ رکھا جائے جس پر کونسل نے وزیر اعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ انویسٹمنٹ میں ڈیو شیئر ضرور دیا جائے گا،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہم ہر طرح سے تعاون کیلئے تیار ہیں، فوکل پرسن تعینات کر دیئے جائیں جو رابطے میں رہیں،وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا صوبوں کی صلاحیت میں اضافے کے لیے اقدامات کئے جائیں، ہم کونسل کے ساتھ مل کر چلنے کو تیار ہیں،وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہم پہلے ہی سسٹم کے ساتھ ہم آہنگ اور مکمل تعاون کیلئے تیار ہیں،ذرائع کے مطابق ایس آئی ایف سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے 3 اجلاس ہوں گے، ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی صدارت میں ہوں گے،اجلاس کے فیصلوں کو منظوری کیلئے ایپکس کمیٹی میں پیش کیا جائے گا، ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس عید سے قبل ہوگا۔



















