اسلام آباد (مشرق نیوز) اسلام آباد کی عدالت نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے مزید دو کیسوں میں عمران خان کو بری کردیا۔ اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال نے لانگ مارچ کے دوران توڑپھوڑ کے کیسز میں عمران خان اور دیگر کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کی جس میں عدالت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور دیگر ملزمان پر لانگ مارچ کے دوران لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے، اگر پبلک کو عمران خان اور دیگر نے اکسایا تو پراسیکیوشن کو بادی النظر میں ثابت بھی کرنا ہوگا۔
عدالت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور دیگر کیخلاف کوئی ثبوت عدالت میں جمع نہیں کروایاگیا، تمام ملزمان کے خلاف کیس چلانے کیلئے ریکارڈ ناکافی ہے۔ بعد ازاں عدالت نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے مزید دو کیسوں میں عمران خان کو بری کردیا۔ اسکے علاوہ عدالت نے شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، سیف اللہ نیازی اور عامرکیانی، علی نواز اعوان، راجہ خرم، فیصل جاوید ، شیخ رشید اور شیریں مزاری کو بھی بری کردیا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کی عدالت نے گزشتہ روز بھی تھوڑ پھوڑ کے دو کیسوں میں عمران خان کی بریت کی درخواست منظور کی تھی۔
لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کا کیس: عمران خان مزید دو کیسوں میں بری



















