خواتین کے عالمی دن پر شہر شہر ریلیاں،سینٹ میں متفقہ قرارداد منظور

اسلام آباد (بیورورپورٹ)دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا گیا، دن کی مناسبت سے پاکستان میں بھی تقاریب کا اہتمام کیاگیا،خواتین کھیتوں کھلیانوں سے لےکر جدید سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ ہیں، خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ملک بھر میں ریلیاں، واک، سیمینارز اور تقریبات میں خواتین کو خراج تحسین پیش کیا گیا مزید برآں سینٹ میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی جس میں خواتین کو ملکی معیشت میں شامل کرنے کےلئے مزید اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے،قرارداد سیمی ایزدی نے پیش کی جس میں سفارش کی گئی حکومت خواتین کی معیشت میں شمولیت کے فروغ کو یقینی بنانے کےلئے اقدامات اٹھائے جبکہ موثر تعلیمی اور ہنر سکھانے کے پروگرامز کے ذریعے خواتین کی تقرری اور ملازمتوں پر برقرار رکھنے کے مواقع کو فروغ دیا جائے،قرارداد میں کہا گیا منصوبہ بندی اور تعلیمی اصلاحات کے ذریعے فیصلہ سازی میں خواتین کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے، اقتصادی شعبہ جات میں خواتین کی ضروریات کو پورا کرنے کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کی جائے جبکہ خواتین کی ملازمت کے مقامات پر بہتر ماحول اور خواتین کی بہبود و ترقی کو یقینی بنایا جائے،صحت اور زچگی سے فیصلوں کی مدد سے خواتین کی خود مختاری کےلئے قومی صحت پالیسیوں میں اصلاحات کی جائیں، مو¿ثر اور مضبوط قانونی نظام عدل کے ذریعے خواتین کے خلاف ہر طرح کے تشدد کا خاتمہ کیا جائے، کاروباری خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے، ٹھوس اقدامات سے مساوات اور عدل پر مشتمل معاشرہ تشکیل دیا جائے۔