اتحادیوں کیساتھ ملکر کابینہ تشکیل دینگے، نگران سیٹ اپ کے تمام فیصلوں پر نظر ثانی ہو گی:وزیر اعلیٰ سندھ

کراچی(بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے نگران صوبائی کابینہ کے تمام فیصلوں پر نظر ثانی کی جائے گی،کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا قانون کے مطابق نگران حکومت ایسا کوئی کام نہیں کر سکتی جس کا اسے اختیار نہ ہو، پچھلی حکومت کے کاموں کو بھی نگران کابینہ نہیں چھیڑ سکتی تھی، الیکشن کمیشن نے ہماری سکیمیں روک دیں تھیں، یہ الیکشن کمیشن کا کام نہیں تھا، امن و امان کی صورتحال شہروں میں بہتر ہے نہ دیہی و کچے کے علاقے میں، امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنا حکومت کا کام ہے، پولیس میں کچھ تبدیلیاں کی جارہی ہیں جس پر مشاورت جاری ہے، مہنگائی کنٹرول کرنا بھی حکومت کا ہی کام ہے، ہم نے رمضان پرائس کنٹرول اور ذخیرہ اندازوں کےخلاف کام شروع کر دیا ہے، میں خود اس مہم کی نگرانی کروں گا، اگر انتظامیہ قابو نہیں کر سکی تو انتظامیہ کو سزا ملے گی،ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہاآج آصف زرداری واضح اکثریت سے صدر منتخب ہو جائیں گے، اتوار کو نئے صدر کی تقریب حلف برداری ہو گی، اس کے بعد سندھ اور بلوچستان کی کابینہ بھی بن جائیں گی، پیپلز پارٹی، ن لیگ اور اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کر کے کابینہ تشکیل دیں گے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی حکومت سازی سے متعلق قائم کمیٹی وزارتوں کا فیصلہ کرے گی۔