لاہور(اپنے نمائندے سے)ماہ صیام کی آمد کے موقع پر شہریوں نے اشیاءخورو نوش کی قیمتوں میں تاریخی اضافے پر روزنامہ ”مشرق“ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بابرکت ایام کے آغاز سے قبل دوکانداروں کی جانب سے روز مرہ کھانے پینے کی اشیاءمیں 200فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے، دیگر غیر مسلم ممالک میں ماہ صیام کے احترام میں خصوصی پیکیج فراہم کئے جاتے ہیں پاکستان میں اس ماہ کو کمائی کا ذریعہ بنایا جاتا ہے اور روزہ دار سے اچھی سحری و افطاری کا حق چھین لیا جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب ماہ صیام میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی خاطر عملی اقدامات اٹھائیں اور قیمتوں میں اضافہ کی رسم کا خاتمہ کرنے کی خاطر اصلاحات کریں ۔شہری اشتیاق احمد نے کہا کہ رمضان المبارک اللہ کی طرف سے تمام مسلمانوں کیلئے رحمتوں برکتوں اور مغفرت کے ایام ہیں لیکن پاکستان میں اس ماہ کو اشیاءکی قیمتوں میں من مرضی اضافہ کے ریکارڈ قائم کئے جاتے ہیں جس سے عوام کو مالی مسائل میں مبتلا کرتے ہوئے دلی اور ذہنی سکون چھین لیا جاتا ہے جس سے عبادت اور روزہ رکھنے کا مزہ خراب کردیا جاتا ہے حکومت پنجاب کو چاہیے کہ وہ ہمیں لیب ٹاپ اور دیگر تعمیراتی منصوبہ جات کی بجائے اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں کمی کرکے ریلیف فراہم کرے تاکہ ماہ صیام میں تمام تر روزہ دار سحری و افطاری اچھے طریقہ سے کر سکیں شہری محمد لطیف ،احسان الٰہی ،ارسلان محمود نے کہا ماہ صیام کا مقصد صرف عبادت ہی نہیں صبر اور صلہ رحمی اور حسن اخلاق کا سبق بھی دیتا ہے روزہ دار کو ذہنی سکون فراہم کرنے کا تمام طبقات پر فرض ہے سب سے زیادہ آئنی اور شرعی زمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوتی ہے کہ وہ عملی طور پر عوام کو ریلیف کی فراہمی میں اپنا مثبت کردار ادا کرے تمام تر اشیاءضروریہ جس میں آٹا ،چینی ،گھی سمیت دیگر کھانے پینے کی اشیاءکی قیمتوں میں خصوسی رعائت دینے کی منصوبہ بندی عملی طور پر کرے ہر سال ماہ صیام میں دوکانداروں کو بے لغام چھوڈ دیا جاتا ہے اور وہ شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار کرنے میں مصروف ہو جاتے ہیں محمد اکرام ،سلمان شاہ اور فاروق احمد نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کو چاہیے کہ وہ تاریخی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی خاطر ٹاسک فورسز بنا کر ان سے یومیہ کی بنیاد پر رپورٹ حاصل کریں جن علاقہ جات میں سرکاری نرخ نامہ کی بجائے من مرضی کی قیمتیں وصول کرنے اور مہنگائی میں اضافہ کے مقامات پر تعینات ملازمین کو برطرف کیا جائے تاکہ ان کی ملی بھگت کا خاتمہ ہو اور روزہ داروں کو حقیقی ریلیف مل سکے ماہ صیام میں عوام کو ریلیف دے کر حکمران اپنی خدمات پیش کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب رمضان میں عوام کو ریلیف کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں :شہریوں کا مطالبہ



















