گوادر، اسلام آباد (بیورو رپورٹ) گوادر اور اس کے قریبی علاقوں میں مسلسل موسلا دھار بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی جس کے سبب پانی گھروں میں داخل ہوگیا، متعدد گھروں کی دیواریں منہدم ہوگئیں۔اطلاعات کے مطابق گوادر اور اس کے قریبی علاقوں میں رات گئے ہونے والی بارش کا سلسلہ علی الصبح تک جاری رہا۔ندی نالوں میں طغیانی کے بعد گوادر اولڈ سٹی، سربندر اور پشکان میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے کے بعد مکین گھروں سے باہر نکل آئے، متعدد گھروں کی دیواریں منہدم ہوگئیں۔گودار شہر میں سڑکوں پر بارش کا جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔دوسری جانب کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین اور کیچ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 29 فروری سے 2 مارچ تک مزید بادل برسنے کا امکان ہے، ملک کے بیشترعلاقوں میں آندھی، جھکڑ چلنے اور موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ مغربی ہواﺅں کا سلسلہ 29 فروری سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہو گا، 29 فروری سے یکم مارچ کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔29فروری سے 3 مارچ کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف حصوں میں بارشوں کا امکان ہے، چترال، دیر، سوات، ہری پور، کوہستان، کرک، پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ میں بارشیں ہو سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق لکی مروت ، مردان اور دیگر شہروں میں بھی بارشیں متوقع ہیں جبکہ اسلام آباد، مری، گلیات، ڈیرہ غازی خان، راولپنڈی، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش ہو سکتی ہے۔29 فروری سے یکم مارچ کے دوران سندھ کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے، سکھر، جیک آباد، کشمور، لاڑکانہ، کراچی، ٹھٹھہ، بدین، خیرپور میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ حیدرآباد، میرپورخاص میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
گوادر ،موسلا دھار بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی، پانی گھروں میں داخل



















