لاہور (مشرق نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے نو منتخب ارکان سے حلف لے لیا۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے طلب کیا گیا تھا جو 2 گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر سبطین خان کی صدارت میں ہوا جس میں اسپیکر نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا، حلف لینے والوں میں مریم نواز کے علاوہ مریم اورنگزیب بھی شامل تھیں۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل صبح 11 بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا ، کل سپیکر اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائیگا۔ سیکرٹری پنجاب اسمبلی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے کاغذات نامزدگی آج جمع کروائے جا سکیں گے جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال بھی آج ہی ہو گی۔
سیکرٹری پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ پولنگ کیلئے دو پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے، کوئی بھی امیدوار رائے شماری سے قبل تحریری طور پر کاغذات نامزدگی واپس لے سکتا ہے، سپیکر کیلئے ایک امیدوار ہونے کی صورت میں پولنگ کی ضرورت نہیں ہوگی، سپیکر منتخب ہونے کے بعد عہدہ سنبھالیں گے اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کرائیں گے۔
نو منتخب اراکین پنجاب اسمبلی نے حلف اٹھا لیا، سپیکر و ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کل ہوگا



















