عمران مجرم نہیں، صدر رہائی کے احکامات جاری کریں، لطیف کھوسہ

اسلام آباد :(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی رہنماونومنتخب ایم این اے لطیف کھوسہ نے کہاہے عوام نے فیصلہ سنا دیاعمران خان کوئی مجرم نہیں ، صدر مملکت فوری رہائی کے احکامات جاری کریں،غلط فہمی دور کرلیں، بانی پی ٹی آئی کے بغیر حکومت ،جمہوریت نہیں چل سکتی ، ملک کی بڑی سیاسی جماعت کو آپ مائنس نہیں کرسکتے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہاالیکشن میں پی ٹی آئی کو ہاتھ پاوں باندھ کر میدان جنگ میں اتارا گیا، عوام نے بھرپور انداز میں ظلم کا بدلہ ووٹ سے لیا،قوم نے بتایا بانی پی ٹی آئی باغی ہیں نہ مجرم، فوری طور پر رہا کیا جائے۔

نومنتخب ایم این اے نے کہاآزاد کہنا غیر قانونی و غیر آئینی ہے، فارم 45کے مطابق 170امیدوار جیت رہے ہیں، فارم 45کے مندرجات کے مطابق نتیجے کا اعلان کیاجائے،بانی پی ٹی آئی ہی ملک کے وزیراعظم ہوں گے،تاجپوشی کیلئے لائے گئے ظل سبحانی کے خواب 8فروری کو چکنا چور ہوگئے ، کسی کے ساتھ بیٹھنے کا کوئی مسئلہ نہیں، سیاست میں کبھی دروازے بند نہیں ہوسکتے۔