ترقیاتی کاموں کی تکمیل پر سڑک بحالی کا عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے :کمشنر ساہیوال

ساہیوال(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدکی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن نے علی مسجد سے مشن چوک تک سیوریج لائن کی صفائی شروع کر دی، 18مین ہولز کی مکمل صفائی سے اس اہم سڑک کا سیوریج اوور فلو کا مسئلہ حل ہوجائیگا۔ شہر میں جاری واٹر سپلائی سکیم کیلئے کھودی گئی گلیوں کو فوری بحال بھی کریں، کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی شرکت تھے۔ انہوں نے محکمہ ہائی وے کو ہدایت کی کہ مڈھالی روڈ کے3کلومیٹر حصے پر اسفالٹ کا کام اسی ماہ کے آخر تک مکمل کریں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات حل ہو سکیں۔ کمشنر نے سختی سے ہدایت کی کہ شہر میں جاری تمام کاموں کی تکمیل کے بعد بحالی کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں۔ انہوں نے علامہ اقبال روڈ اور ہائی سٹریٹ پر جاری اسفالٹ کی دوسری سطح ڈالنے کے کام کو فوری مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کارپوریشن کی طرف سے کنورژن فیس اور بلڈنگ فیس کی ریکوری کے کام کو بھی تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے نیازی اوورہیڈ برج کی خراب حالت پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ ہائی وے کو اسے ٹھیک کرنے کی ہدایت کی۔