ملازمین کے حقوق کی پاسداری کیلئے کوشاں ہیں: چیف ایگزیکٹو لیسکو ،بجلی چوری کیخلاف کریک ڈاﺅن جاری

لاہور (خبرنگار) چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے کہا ہے کہ لیسکو نہ صرف صارف دوست کمپنی ہے بلکہ وہ اپنے20500سے زائد ملازمین کے حقوق کی پاسداری کیلئے بھی ہمہ وقت کوشاں رہتی ہے،اس کے ساتھ ساتھ لیسکو کے دوران ملازمت وفات پا جانے والے ملازمین کے بچوں کیلئے بھی ملازمتوں کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنے والدین کی طرح کمپنی کی کامیابی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے ان خیالات کا اظہار دوران ملازمت وفات پانے والے ملازمین کے بچوں کو تقرر نامے دینے کیلئے منعقد کی گئی ایک تقریب کے دوران کیا۔ لیسکو ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر20ملازمین کے ورثا جن میں ملازمت کے تقرر نامے تقسیم کئے گئے۔ ملازمین کے بچوں میں اکاﺅنٹ اسسٹنٹ، کمرشل اسسٹنٹ، یو ڈی سی، لائن سپرنٹنڈنٹ گریڈII-، ایس ایس اوII-، ایل ڈی سی، اسسٹنٹ لائن مین اور نائب قاصدکیڈرکے تقرر نامے تقسیم کئے گئے۔اس موقع پرچیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر نے اپنے خطاب میں بھرتی ہونے پر تمام افراد کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ بھی اپنے والدین کی طرح اپنی ڈیوٹی پوری ذمہ داری سے سر انجام دیں گے۔ دوسری طرف ایس ای سنٹرل سرکل کی ہدایت پر ایکسیئن رائیونڈ کی زیر نگرانی ایس ڈی او جیابگا نے پولیس اور ایلیٹ فورس کے ہمراہ لدھے کی اوچا، لدھے کی نیواں، جوڈو ڈھیر اور اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا، اس دوران متعدد ملزمان بجلی چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، ملزمان لیسکو کی سپلائی لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے، لیسکو حکام نے غیر قانونی کنکشن منقطع کرکے تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے جبکہ 10ملزمان کو موقع سے گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔لیسکو حکام کی جانب سے ملزمان کو بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ لسیکو کا تمام سٹاف بجلی چوری کی روک تھام کیلئے کوشاں ہے، بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک انسداد بجلی چوری مہم جاری رہے گی۔ دریں اثناءلاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی لیسکو کی کینال روڈ سب ڈویژن میں میٹر ریڈر رضا ملک اور فیصل رمضان اسسٹنٹ لائن مین جو کہ صارفین کو بجلی چوری میں سہولت فراہم کرتے اور بوگس میٹر لگاتے تھے ایس ڈی او کینال روڈ سلیمان سیموئل نے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے ان دونوں اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کر دیا۔واضح رہے کہ چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت کے مطابق بجلی چوری میں ملوث صارفین اور اہلکار میں فرق کئے بغیر سزائیں دی جا رہی ہیں۔چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ بجلی چور ملک و قوم کا دشمن ہے ہم لیسکو ریجن سے بجلی چوری کے خاتمہ کیلئے پر عزم ہیں۔ علاوہ ازیں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی لیسکو کی کینال روڈ سب ڈویژن کے ایس ڈی او سلیمان سموئیل نے اپنے اسٹاف کے ہمراہ کریم بلاک کے علاقہ میں سرچ آپریشن کیا ۔دوران آپریشن ایک پلازہ میں میٹیکس ریسٹورانٹ اور سنوکر کلب میں بجلی چوری پکڑی جو کہ آبادی کے ٹرانسفارمر سے فو کور کیبل لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے۔موقع پر کنکشن منقطع کر دیا گیااور ملزمان کے خلاف ایف آئی آر بھی رجسٹرڈ کروا دی گئی ۔ملزمان کو محکمہ کی جانب سے18000 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں۔