گیپکو ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن ، 33کروڑ سے زائد کے جرمانے

گوجرانوالہ: (چودھری توصیف احمد)گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو ) ریجن بھر میں بجلی چوروں کےخلاف بلا تفریق آپریشن جاری ہے ، حالیہ آپریشن میں اب تک163زمینداروں سمیت 4740بجلی چور وں کو 33کروڑ65لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے ہیںجبکہ ایف آئی آر کے اندراج کے بعد اب تک 3309بجلی چوروں کو گرفتار بھی کیا گیا۔

وزارت توانائی کی ہدایات پرگیپکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب کی زیر نگرانی میں ہونے والے آپریشن کے دوران گیپکو سرویلنس ٹیموں کی کامیاب کارروائیوںکے نتیجہ میںاب تک سٹی سرکل سے1160، کینٹ سرکل سے1097، گجرات سرکل سے456، سیالکوٹ سرکل سے846، نارووال سرکل سے633، اور منڈی بہاولدین سرکل سے548جبکہ ریجن بھرسے مجموعی طور پر4740 بجلی چور رنگے ہاتھوں بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑاگیا ۔ مختلف حربوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے جانے والوں کو گیپکو کی جانب سے85لاکھ 76ہزارسے زائد یونٹس کی مد میں33 کروڑ65لاکھ روپے سے زائد کے ڈیٹکشن بل جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ تما م بجلی چورورں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر کے اندراج کے لئے درخواستیں بھی دے دی گئی ہیں۔