اسلام آباد (بیورورپورٹ)ہیومن رائٹس کمیشن نے موجودہ صورتحال میں الیکشن کی شفافیت پر سوال اٹھادیا۔
ایچ آر سی پی کی چیئرپرسن منیزے جہانگیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاجمہوری پاکستان کی تشکیل کےلئے صاف و شفاف انتخابات لازم ہیں لیکن موجودہ صورت حال میں شفاف انتخابات پر سوالیہ نشان اٹھتا ہے،ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی ابتر ہے، سیاسی شخصیات کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جا رہے ہیں جبکہ کالعدم تنظیموں کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار دئیے گئے۔
منیزے جہانگیر نے کہاالیکشن کمیشن ،نگران حکومت اپنی ذمہ داریاں نبھائیں،لاپتہ افراد کا معاملہ انتہائی سنگین ہے، لاپتہ افراد کو عدالتوں میں پیش کیا جانا چاہیے۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فرحت اللہ بابر نے کہاجمہوریت کے بغیر انسانی حقوق کا تصور ممکن نہیں ،انتخابات میں دھاندلی شروع ہوگئی ، لیول پلیئنگ فیلڈ سے محروم کیا جارہا ہے اور بظاہر یہی دکھائی دے رہا ہے انتخابات میں انجینئرنگ کی جائے گی، تمام سیاسی جماعتوں کو برابری کا میدان ملنا چاہیے۔
موجودہ صورتحال میں شفاف الیکشن سوالیہ نشان ہے، ایچ آر سی پی



















