لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس او ایس ویلج کا دورہ کیا اور پنجاب پولیس کی گرلز کرکٹ ٹیم اور ایس او ایس چلڈرن ویلج کی گرلز ٹیم کے مابین کرکٹ میچ دیکھا، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی احسن یونس، سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر، اے ایس پی شہربانو نقوی سمیت سینئر افسران ہمراہ تھے، آئی جی پنجاب اور سی ٹی او لاہور نے بچوں میں فٹ بال، کرکٹ بیٹ، بیڈ منٹن ریکٹ اور دیگر سامان تقسیم کیا،آئی جی پنجاب نے میچ میں حصہ لینے والے کم سن کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔اس موقع پر پنجاب پولیس کی جانب سے کھلاڑیوں میں انعامات اور تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔ کھیلوں کا سامان اور تحائف ملنے پر ایس او ایس ویلج کے بچوں کی خوشی دیدنی تھی۔ دریں اثناء آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے ماڈل ٹاو¿ن ایس ڈی پی او آفس اور سپیشل انیشئیٹو پولیس اسٹیشن گلبرگ کا دورہ کیا اور زیر تکمیل تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ آئی جی پنجاب نے ایس ڈی پی او آفس ماڈل ٹاون میں سائبان پراجیکٹ کی تکمیل کا جائزہ لیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سائبان دفاتر میں جدید ترین سہولیات کی فراہمی اور بہترین ہیومن ریسورس کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا ، سرکل کی سطح پر انسداد جرائم اور کمیونٹی پولیسنگ کی طرز پر اقدامات میں تیزی آئے گی۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ سائبان آفس جرائم کنٹرول اور شہریوں کو پولیسنگ خدمات کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔ بعد ازاں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سپیشل انیشئیٹو تھانہ گلبرگ کا دورہ کیا اور فرنٹ اینڈ اور بیک اینڈ پر جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ 31 دسمبر تک تھانوں کی سپیشل انیشئیٹو پروٹوکول پر اپ گریڈیشن کا کام ہر صورت مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کام کے دوران کوالٹی اسٹینڈرڈ پر کوئی سمجھوتہ ہرگز نہ کیا جائے۔ موقع پر موجود افسران نے آئی جی پنجاب کو جاری کاموں کی تکمیل ، ڈیزائن اور لے آو¿ٹ بارے بریفنگز دیں۔ ایم ڈی سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس، سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر اور اے ایس پی گلبرگ سیدہ شہربانو سمیت دیگر افسران ہمراہ تھے۔
یتیم اور بے سہارا بچوں کی مدد و کفالت کیلئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں :آئی جی پنجاب



















