راولپنڈی (بیورورپورٹ)پی ٹی آئی صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے 3قومی اور 3صوبائی حلقوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کسی نے منصفانہ و غیر جانبدارانہ الیکشن نہ ہونے دیا تو ملک کو نقصان ہو گا، عدالت کے باہر صحافی نے سوال کیا کیا آپ کو لیول پلیئنگ فیلڈ مل رہی ہے؟ سابق وزیراعلیٰ نے کہا فیلڈ ہی نہیں تو لیول پلیئنگ کیسا؟ 3 جگہ ایم پی اے اور3 جگہ سے ایم این اے کا الیکشن لڑوں گا،صحافی نے پوچھا کیا پارٹی چیئرمین پر آپ کو کوئی اعتراض ہے؟ ۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا وہ بلامقابلہ منتخب ہوئے ،منصفانہ اور غیر جانبدارانہ الیکشن نہ ہوئے توایسا نقصان ہو گا لوگ ساری تحریک کو بھول جائیں گے، انتخابات ہونے دیں، اچھی سوچ اور کام کی بنیاد رکھیں،سابق وزیراعلیٰ نے مزید کہاملک میں دونوں لاڈلوں نواز اور شہباز نے جو کیا غریبوں کو کھانے کو کچھ نہیں مل رہا، ابھی دوبارہ گیس کی قیمت بڑھی ،بجلی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ، مجھے 2مرتبہ اٹیک ہوا مگر ہسپتال نہیں جانے دے رہے، کونسا جنگل کا قانون ہے،پرویز الٰہی نے کہاشیخ صاحب سے پرانا رشتہ بزرگوں سے چلا آر رہا ہے، این اے 56 ،57 شیخ صاحب کو دینا ہے ،بانی پی ٹی آئی کو منانا ہے، شیخ صاحب کی کامیابی کیلئے مکمل کوشش کریں گے۔
دریں اثنا پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید توسیع کر دی گئی،پرویزالٰہی کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت پیش نہ کیا گیا ،جیل حکام نے ملزم کا وارنٹ عدالت میں پیش کیا۔
فیلڈ ہی نہیں تو لیول پلیئنگ کیسا؟،چودھری پرویزالٰہی



















