لیسکو کو صارف دوست بنانا مشن، تمام عوامی شکایات دور ہوجائیں گی:چیف ایگزیکٹو

لاہور (خبرنگار) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر سالانہ برقی لائنوں کی مرمت کا کام شروع ہوگیا ہے۔ اس حوالے چیف انجینئر او اینڈ ایم (ٹی اینڈ جی)نے سپیشل ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ایس ای جی ایس او کے زیرنگرانی ایکسین ایس ایس اینڈ ٹی نارتھ اور ایکسئین ایس ایس اینڈ ٹی سا¶تھ کی ٹیموں نے سالانہ ترقیاتی و مرمتی کاموں کے ذریعے سسٹم کو مکمل طور پر مستحکم اورمضبوط رکھنے کے لئے تیاری شروع کردی ہے۔ چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ لیسکو نے بجلی کی بچت اور گرمیوں میں صارفین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ جی ایس او سرکل کی ٹیموں نے رواں مالی سال کیلئے61 کنزومر گرڈ سٹیشنز اور 120 لیسکو گرڈ سٹیشنز میں مرمتی کام شروع کرنے کا شیڈول ترتیب دے دیا ہے۔ جس سے ملحقہ علاقوں میں کم وولٹیج، ٹرپنگ جیسے مسائل کا ازالہ ہو گا اور نئے صارفین کو بلا تعطل بجلی میسر آسکے گی، لیسکو کے 132کے وی سسٹم کی 3275.61کلومیٹر لمبی ٹرانسمیشن لائنز میں سالانہ مرمتی کام کیا جائےگا۔چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ اگلی گرمیوں سے قبل لیسکو سسٹم کو درپیش تمام رکاوٹیں ختم کرنے کیلئے سٹاف اپنے مقررہ اہداف پر بھرپور طریقے سے مصروفِ عمل ہے۔ دریں اثناءلیسکو ہیڈ کوارٹر میں علی ایاز صادق کی کنونیئر شپ میں میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر حافظ میاں محمد نعمان نے خصوصی شرکت کی۔میٹنگ میں میٹریل کے اجراءکے لئے ای آر پی سسٹم کے نفاذ، پروکیورمنٹ ،ایجنڈا پر بات کی گئی۔ کنونیئر علی ایاز صادق اور چیف ایگزیکٹو لیسکوانجینئر شاہد حیدر کی زیرِ نگرانی لیسکو میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کا کام آخری مراحل میں داخل ہو گیا۔ لیسکو میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کیلئے ایچ آر، ایڈمن، مٹیریل مینجمنٹ اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کام کیا گیا ہے ۔ اس پراجیکٹ کو پورا کر نے کے لئے کنونیئر علی ایاز صادق نے خصوصی طور پر دلچسپی لی۔ لیسکو ہیڈ کوارٹر میں اس سے قبل میڈیکل بلز کے کلیم، سکالرشپس کی ادائیگی، رینٹ بلز، میرج گرانٹ اور تجہیز و تکفین کے اخراجات کی ادائیگی کی منظوری مینوئیل طریقے سے دی جاتی تھی تاہم یہ پراجیکٹ مکمل ہوتے ہی ای آر پی سسٹم کے تحت یہ تمام منظوریاں آن لائن ایک کلک پر دی جائیں گی۔ایڈمن ڈائریکٹر ضمیر حسین کلاچی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سب سے پہلے لیسکو ایڈمن ڈائریکٹوریٹ میں اٹھایا گیا ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے لیسکو کے نظام میں مزید بہتری آئے گی، چیف ایگزیکٹو لیسکوانجینئر شاہد حیدر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں ضرورت اس امر کی ہے کہ پیچیدہ فائلنگ نظام کو آن لائن سسٹم میں تبدیل کر کے ادارے میں مینجمنٹ کے نظام کو مزید بہتر کیا جائے۔ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے ذریعے ملازمین اپنے ادارے کے لئے بھی ایک فعال کردار ادا کرسکیں گے۔ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی وجہ سے لیسکو میں کام مقررہ وقت پر مکمل کرنے میں مدد حاصل ہوگی۔واضح رہے کہ لیسکو کے تمام اسٹورز میں آن لائن سسٹم نافذ العمل ہے ۔لیسکو نے تمام فیلڈ و ریجنل اسٹورز میں میٹریل کا ڈیٹاآن لائن کر دیا ہے اور مینوئل ایس آر اور ایلوکیشن آرڈر پر میٹریل کا اجراءکرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔لاہور کے نادرن،سینٹرل ،ایسٹرن اور سدرن سرکلز کے اسٹور میں سسٹم آن لائن کیا گیا ہے۔اب میٹریل کے اجراءکے لئے ڈیٹا سب ڈویژن سے ڈویژن اور ڈویژن سے سرکل بھیجا جائے گا اور سرکل سے میٹریل ریلیز فارم میٹریل مینجمنٹ کو بھیجا جائے گا اسی طرح شعبہ میٹریل مینجمنٹ سے ایلوکیشن ہونے کے بعد سرکل،ڈویژن سے سب ڈویژن بھیجا جائے گا اور سب ڈویژن کا فیڈر انچارج آن لائن مظوری دکھا کر اسٹور سے سامان لے سکے گا۔ اس سسٹم کے ذریعے کمپنی میں میٹریل کی چوری کو بھی روکا جا سکے گا۔ لیسکو چیف کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے تمام وسائل کو بروُے کار لاتے ہوئے لیسکو کو نمبر1کمپنی بنانے کی طرف گامزن ہیں، ہم لیسکو کو صارف دوست بنا رہے ہیں، ان اقدام سے کمپنی کی کارکردگی اور پراجیکٹس میں تاخیر کی شکایت دور ہو جائے گی۔