ساہیوال(چودھری اشرف سے)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی میں مخیرحضرات کا ہمیشہ اہم کردار رہا ہے، ساہیوال کی فرشتہ فیملی انسانیت کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے اور ہلال احمر میٹرنٹی ہسپتال میں چلڈرن کمپلیکس کی تعمیر میں معاونت اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحاج محمد صدیق محمد شریف ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ڈپٹی کمشنرساہیوال کیپٹن (ر) اکرام الحق،ریجنل پولیس آفیسر محبوب رشید،ڈی پی او فیصل شہزاد،پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان، محمد طارق نعیم فرشتہ، شفیق احمد، محمد سعید، عتیق الرحمن، محترمہ رشیدہ بی بی سمیت فرشتہ فیملی ممبران، علماءکرام، وکلائ، میڈیا ، تاجر اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کمشنر شعیب اقبال سید نے سٹیٹ آف دی آرٹ چلڈرن ہسپتال کی تعمیر پر فرشتہ فیملی کا شکریہ ادا کیا اور کہا ساہیوال کے شہریوں کےلئے ان کا ایک بہت بڑا تحفہ ہے جس سے صحت کی سہولیات میں مزید اضافہ ہوگا،آرپی او محبوب رشید نے کہا فرشتہ فیملی نے ہمیشہ ساہیوال کے عوام کےلئے اپنے نام کی لاج رکھتے ہوئے فرشتہ رحمت ثابت ہوئی ہے اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا، ڈپٹی کمشنر اکرام الحق نے ہسپتال کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کےلئے طارق نعیم فرشتہ کی محنت اور محبت کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا انتظامیہ ہسپتال کو آپکی توقعات کے مطابق چلائے گی اور ساہیوال کی عوام کی خدمت کےلئے اسے بھرپور استعمال کیا جائےگا، اس موقع پر پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن خان، ضیاءاللہ شاہ بخاری اور گورنمنٹ کالج ساہیوال کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ممتاز احمد وٹونے فرشتہ فیملی کی انسانیت کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی، تقریب کی نظامت کے فرائض پروفیسر ارجمند قریشی نے سرانجام دیے اور تقریب کے اختتام پر ہسپتال کی کامیابی اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔
دوسری جانب کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر کی زیر تعمیر3اہم سڑکوں کی تکمیل کی حتمی تاریخ مانگ لی، جاری کام کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ گرلز کالج روڈ اور چرچ روڈ کی تعمیر شروع کی جا سکے، اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا فتح شیر روڈ، ہائی سٹریٹ اور علامہ اقبال روڈ کی جلد تکمیل ان کی ترجیحات میں سرفہرست ہے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات ختم ہوں،انہوں نے علامہ اقبال روڈ کے میڈین میں بڑے پودے لگانے اور اس کی لینڈ سکیپنگ کی بھی ہدایت کی، کمشنر شعیب اقبال سید نے آرٹس کونسل چوک میں بڑی لائٹس لگانے اور آذان ہائٹس کے سامنے سڑک کے کناروں پر خراب ”کرب سٹونز“ کی مرمت کرنے کی بھی ہدایت کی، سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا شہر میں نئے لگائے جانےوالے 10واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مشینری پاکستان پہنچ چکی ہے اور ان میں سے9پلانٹس اگلے10دنوں میں فنگشنل کر دیے جائیں گے، کمشنر شعیب اقبال سید نے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کےلئے فلٹریشن پلانٹس کو اہم قرار دیتے ہوئے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد کو ہدایت کی کہ شہریوں کو واٹر کنکشن لگوانے کی ترغیب دی جائے تاکہ انہیں صاف پانی دستیاب ہو سکے۔
چلڈرن ہسپتال شہریوں کیلئے بہترین تحفہ ہے:کمشنر ساہیوال



















