لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کا دورہ کیا اور پولیس ملازمین کے بچوں کیلئے زیر تعمیر ڈے کئیر سنٹر کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈے کئیر سنٹر کے تعمیراتی کاموں کو ٹائم لائن کے اندر مکمل کرنے کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ڈے کئیر سنٹر میں لیڈی پولیس افسران و اہلکاروں کے کم سن بچوں کی بہترین نگہداشت کی جائے گی اوربچوں کی تربیت، پرورش اور دیکھ بھال کیلئے ہر سہولت دستیاب ہو گی،لائن میں تعینات پولیس ملازمین ڈے کئیر سنٹر میں بچوں کو داخل کروا کر بغیر کسی پریشانی اپنے پیشہ ورانہ فرائض سر انجام دے سکیں گی۔علاوہ ازیں ڈاکٹر عثمان انور سے فلاحی تنظیم سندس فاونڈیشن کے وفدنے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی، صدر یاسین خان کی صدارت میں آئے سندس فاونڈیشن کے وفد میں ڈائریکٹر بلڈ ڈونیشن سروسز میجر طارق مقبول، میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عدنان اور تھیلسیمیا سے متاثرہ بچے اور ان کے اہل خانہ بھی شامل تھے، سابق ایڈیشنل آئی جی کی بیٹی سعدیہ سرفراز سمیت 2 پولیس سب انسپکٹرز کی تھیلسیمیا سے متاثرہ بیٹیاں بھی وفد میں شامل تھیں۔دوران ملاقات تھیلسیمیا سے متاثرہ بچوں کے علاج معالجے کیلئے بلڈ ڈونیشن کیمپ کے انعقاد سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر فاونڈیشن یاسین خان نے کہاکہ سندس فاونڈیشن پنجاب پولیس کے 140 بچوں کو بلڈ ٹرانسفیوژن کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ دوسری طرف کی ہدایت پر بجلی چوری میں ملوث ملزمان کے خلاف پنجاب پولیس کا کریک ڈاون بلا تعطل جاری ہے اور اس سلسلے میں پنجاب پولیس نے رواں برس کے دوران ہونے والی کاروائیوں کی تفصیل جاری کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق رواں برس پنجاب پولیس نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں بجلی چوروں کے خلاف 67244 مقدمات درج کئے،38707 ملزمان کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
آئی جی کا پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ زیر تعمیر ڈے کئیر سنٹر کا دورہ



















