اسلام آباد (مشرق نیوز) تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے وکلا جھوٹ بول رہے ہیں کہ میں پی ٹی آئی کا رکن نہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ ہم مزید جھوٹ برداشت نہیں کریں گے، عدالتوں کے فیصلے اب سامنے رکھیں گے، انکے جھوٹ بولنے پر پاکستان بار کونسل میں بھی درخواست دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے وکلا کی ذمہ داری ہے کہ آئینی و قانونی اداروں کے سامنے حقائق رکھیں، میرے حق میں جو عدالت سے فیصلے آئے اس میں فریق پی ٹی آئی تھی، پی ٹی آئی کے ورکرز کا حق ہے کہ وہ اپنی قیادت کا انتخاب کر سکیں۔ ہم تمام عدالتی اور الیکشن کمیشن کے فیصلے مجاز عدالتوں کے سامنے رکھیں گے، جو لوگ عدالتوں میں جھوٹ بولتے ہیں وہ قوم کو کیا لیڈ کریں گے؟
اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں خود جمہوری نہیں ہوں گی تو قابل قیادت سامنے آنا ناممکن ہے۔ ہزاروں پی ٹی آئی ورکرز مجھ سے رابطہ کرتے ہیں، پی ٹی آئی ورکرز نے مجھے کہا کہ میں ورکرز کی جنگ لڑ رہا ہوں۔
پی ٹی آئی کے وکلا میرے خلاف کھلم کھلا جھوٹ بول رہے ہیں: اکبر ایس بابر



















