غیر قانونی تارکین ملکی سلامتی، معیشت کو متاثر کررہے، خون کے آخری قطرے تک وطن کی حفاظت کرینگے ،آرمی چیف

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کامیابی پاکستان کا مقدر ہے، غیرقانونی تارکین ملکی سلامتی اور معیشت کو بری طرح متاثر کررہے ہیں، قوم کو مسلح افواج کی کارکردگی پر فخر ہے، پاک فوج مادر وطن کی حفاظت کا فریضہ خون کے آخری قطرے تک ادا کرتی رہے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا، کورکمانڈر پشاور نے استقبال کیا، سکیورٹی کی مجموعی صورتحال، انسداد دہشت گردی کےخلاف کارروائیوں، غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کی وطن واپسی اور نئے ضم شدہ اضلاع میں سماجی و اقتصادی ترقی کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔

سربراہ پاک فوج نے انسداد دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں بہادری کا مظاہرہ پیش کرنےوالے افسروں، جوانوں سے بھی ملاقات کی اور بے مثال کارکردگی کو سراہا۔

آرمی چیف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا قوم کو مسلح افواج کی کارکردگی پر فخر ہے۔ کامیابی پاکستان کا مقدر ہے، پاک فوج مادر وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کا بے لوث اور مقدس فرض خون کے آخری قطرے تک ادا کرتی رہے گی۔ جنرل سید عاصم منیر نے پہلی بار منعقد ہونےوالی قومی ورکشاپ خیبرپختونخوا (NWKP-1) کے شرکا سے بھی خصوصی خطاب کیا۔

آرمی چیف نے کہاسکیورٹی فورسز کو خیبر پختونخوا کے غیور عوام کی پرعزم حمایت کے باعث ہی صوبے میں استحکام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر پیشرفت حاصل ہوئی، پاکستان کی خوشحالی کو خیبرپختونخوا سے جوڑتے ہوئے جنرل سید عاصم منیر نے کہا پاکستان کے امن و استحکام کےلئے دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ہم آہنگی، جامع حکمت عملی کے ذریعے ناکام بنایا جا رہا ہے،آرمی چیف نے نئے ضم شدہ اضلاع میں اقتصادی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاغیر قانونی مقیم غیرملکی ہماری سلامتی، معیشت کو بری طرح متاثر کررہے ہیں، وطن واپسی کا فیصلہ حکومت نے پاکستان کے وسیع تر مفاد میں کیا ، غیرقانونی غیر ملکیوں کو طے شدہ اصولوں کے مطابق باعزت طریقے سے واپس بھیجا جا رہا ہے۔