مہنگائی کے ستائے عوام لرنر ڈرائیونگ لائسنس فیس میں اضافے پر پھٹ پڑے،نظرثانی کا مطالبہ

لاہور (کرائم رپورٹر) مہنگائی کی چکی میں پسے شہری لرنر ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں ہوشربا اضافے پر پھٹ پڑے۔پنجاب حکومت کی جانب سے ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں ہوشربا اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یکم جنوری سے لرنر ڈرائیونگ لائسنس کی فیس 60روپے نہیں ایک ہزار روپے ادا کرنا پڑے گی، ایل ٹی وی، ایچ ٹی وی، پی ایس وی لائسنس کی فیسوں میں بھی اضافہ ہو گا۔یکم جنوری سے قبل کی درخواستوں پر ڈرائیونگ لائسنس موجودہ فیس پر بنائے جائیں گے۔شہریوں نے ڈرائیونگ لائسنس فیسوں میں اضافے پر شدید رد عمل ظاہر کیا اور کہا کہ لرنر ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں ہوشربا اضافہ زیادتی ہے، مہنگائی کے مارے لوگوں کی مالی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی، پنجاب حکومت ڈرائیونگ لائسنس فیسوں میں اضافے پر نظر ثانی کرے۔دوسری طرف پولیس خدمت مراکز میں لائسنس بنوانے کیلئے رش برقرار ہے، شہری لمبی لمبی لائنوں میں گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔ادھر سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز نے کہا کہ خدمت مراکز میں رش ہونے کے باعث لائسنس بنانے میں وقت لگ رہا ہے، لائسنس فیس میں اضافے کی سمری کافی دیر سے زیرغور تھی۔ ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ نومبر میں 2 لاکھ 80 ہزار 518 نئے لرنر پرمٹ جاری کئے گئے، 19 ہزار 761 شہریوں نے نئے لائسنس بنوائے جبکہ 18 ہزار 312 شہریوں نے لائسنس کی تجدید کروائی۔