اسلام آباد (بیورورپورٹ)جسٹس اعجاز الاحسن کی جوڈیشل کونسل میں بطور ممبر شمولیت کوچیلنج کردیا گیا،میاں داد ایڈووکیٹ نے دائر درخواست میں موقف اپنایا جسٹس اعجاز الاحسن کی جگہ دوسرے سینئر جج کو سپریم جوڈیشل کونسل کا حصہ بنایا جائے،جسٹس اعجاز الاحسن کو جسٹس مظاہر علی نقوی کےخلاف شکایت سننے والی کونسل سے الگ ہونا چاہیے۔
درخواست کے مطابق جسٹس مظاہر کےخلاف کرپشن اور مس کنڈکٹ کا ریفرنس جوڈیشل کونسل میں زیر سماعت ہے، سائل کی شکایت پر جوڈیشل کونسل جسٹس مظاہر نقوی کو دوسرا شوکاز جاری کرچکا ہے جس میں 3آڈیو لیکس کے بارے میں سوال کیا گیا ہے،درخواست میں کہا گیا تینوں آڈیو لیکس مقدمات کی فکسنگ اور غلام محمود ڈوگر کیس سے متعلق ہیں، جسٹس اعجاز الاحسن اس بینچ کا حصہ تھے جس نے غلام محمود ڈوگر کیس سنا، قانونی اور اصولی طور پر غلام محمود ڈوگر کا مقدمہ سننے والا کوئی جج جوڈیشل کونسل کا ممبر نہیں رہ سکتا۔
موقف اپنایا گیا جسٹس اعجاز الاحسن کا سپریم جوڈیشل کونسل میں ممبر رہنا آئین کے آرٹیکل 10اے اور 9کےخلاف ہے، جسٹس اعجاز الاحسن کا جوڈیشل کونسل کا حصہ رہنا مفادات کے ٹکراﺅ اور شفافیت کے اصول کےخلاف ہے،درخواست کے مطابق شکایت کنندہ اور عوام کو یہ تاثر ہے کہ جسٹس اعجاز الاحسن کونسل میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کرسکیں گے، جسٹس اعجاز الاحسن کا جسٹس مظاہر کو شوکاز جاری کرنے سے دو بار اختلاف جانبداری کو مزید مضبوط کرتا ہے اس حوالے سے دائر کی گئی درخواست میں وفاقی حکومت اور سیکرٹری سپریم جوڈیشل کونسل کو فریق بنایا گیا ہے اور درخواست کے ساتھ سابق سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کے مقدمے کی آرڈر شیٹ بھی منسلک ہے۔
جسٹس اعجاز الاحسن کی جوڈیشل کونسل میں بطور ممبر شمولیت چیلنج



















