لاہور(حافظ کاشف سندھو سے ) شہر میں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کی بھر مار ، بااثر سٹینڈ مافیا کے سامنے ضلعی انتظامیہ اور پولیس بے بس جبکہ مختلف مقامات پر. رکشوں ،بسوں اور ویگنوں سے بھتہ لینے کا بھی انکشاف ، شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے غیر قانونی سٹینڈ ختم کروا کر پرچی مافیا کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ٹبی سٹی ، سول لائن ، سبزی منڈی ،اچھرا ، شاہ عالمی، رنگ محل سمیت متعدد تھانوں کی حدود میں قانو ن کی دھجیاں اڑاتے ہوئے بااثر افراد نے پلازوں ، مارکیٹوں اور پارکوں کے سامنے غنڈہ عناصر کو بٹھا دیا ہے سڑک کنارے بنے غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کی وجہ سے گھنٹوں ٹریفک جام رہتی ہے اور ایمبولینس تک کا گزرنا محال ہے بہت سے شہری بروقت طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے موت کے منہ میں جا چکے ہیں ان غیرقانونی پارکنگ سٹینڈز پہ بیٹھے غنڈہ عناصر شہریوں کو زبردستی بیس سے تیس روپے تک کی پرچی تھما دیتے ہیں جبکہ متعدد بار پارکنگ سٹینڈز پر بیٹھے غنڈوں کی جانب سے خاص کر تھانہ ٹبی کی علاقے میں شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانا معمول ہے لیکن پولیس ، کارپوریشن اورضلعی انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہوتی اور ان کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی۔ دوسری طرف یہ بھی بتایا گیا ہے کہ لاہور کے مختلف مقامات پر بااثر افراد زبردستی بسوں اور ویگنوں سے پرچی کی صورت میں بھتہ وصول کرتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ پارکنگ سٹینڈ پولیس کی پشت پناہی سے لگتے ہیں اور ایس ایچ اوز حضرات کو مبینہ طور پہ باقاعدہ منتھلی دی جاتی ہے۔ اس سلسلے میں پولیس کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی وجہ سے پارکنگ سٹینڈز کا ہونا ضرروی ہے ۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے پرچی مافیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کی بھرمار، بااثر مافیا کے سامنے ضلعی انتظامیہ اور پولیس بے بس



















