اسلام آباد (بیورورپورٹ) کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کو افغان طالبان کا تعاون حاصل ، کالعدم تحریک طالبان کے پاس غیرملکی ساختہ اسلحہ خطے کیلئے بڑا خطرہ بن گیا،سکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز جنوبی وزیرستان میں 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
دہشتگردوں سے جدید غیر ملکی اسلحہ بھی برآمد ہوا، غیر ملکی اسلحے کی دستیابی سے پاکستان میں دہشتگردی بڑھ رہی ہے، کالعدم ٹی ٹی پی کو منظم طریقے سے پاکستان میں بدامنی پھیلانے کیلئے مسلط کیا گیا ،سکیورٹی ذرائع نے کہا افغانستان میں چھوڑا ہوا امریکی اسلحہ غیر محفوظ ہے، بلوچ لبریشن آرمی نے بھی انہی ہتھیاروں سے نوشکی ،پنجگور میں ایف سی پر حملہ کیا،حالیہ دہشتگردی کی وارداتوں کا ذکر کیا جائے تو پشاور، لکی مروت، بنوں ،ڈیرہ اسماعیل خان میں کالعدم ٹی ٹی پی نے امریکی ساختہ اسلحے سے حملے کئے جو کالعدم ٹی ٹی پی کی عسکری قوت میں اضافے کا باعث بنے،اسلحہ افغان طالبان کے غیر منظم ڈھانچے کی بدولت مختلف پاکستان مخالف دہشتگرد تنظیموں کے ہاتھ لگ گیا۔
سکیورٹی ذرائع نے مطالبہ کیا عالمی برادری کو افغانستان میں موجود کثیر مقدار میں غیر ملکی اسلحہ و دہشتگرد تنظیموں کا نوٹس لینا ہوگا۔
کالعدم ٹی ٹی پی کے پاس غیرملکی ساختہ اسلحہ خطے کیلئے بڑا خطرہ



















