مصنوعی بارش کے منصوبے پر عملدرآمد کےلئے ورکنگ گروپ قائم ،عسکری نمائندے بھی شامل

لاہور (اپنے رپورٹر سے) لاہور میں مصنوعی بارش برسانے کے منصوبے پر عملدرآمد کےلئے ورکنگ گروپ قائم کر دیا گیا ، ورکنگ گروپ متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں ،ر یسرچ سے وابستہ عسکری اداروں کے نمائندوں پر مشتمل ہے،ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہ اجلا س میں کیاگیا ،تحفظ ماحولیات، زراعت، خزانہ و متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، وفاقی ،عسکری اداروں کے حکام نے شرکت کی۔

محکمہ تحفظ ماحولیات کے حکام نے مصنوعی بارش برسانے کےلئے کلاﺅڈ سیڈنگ، کلاﺅڈ آنائزیشن کے طریقہ کار پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کلاﺅڈ سیڈنگ کےلئے پہلا ٹرائل 4 سے 6ہفتے میں متوقع ہے، ہوائی جہاز استعمال کرتے ہوئے کیمیائی عمل کے ذریعے کلاﺅڈ سیڈنگ کا زیادہ انحصارموسمی حالات، بادلوں کی تشکیل پر ہے ،کلاﺅڈ آنائزیشن کےلئے دبئی کی کمپنی سے ایم او یو آخری مراحل میں ہے، اگلے 6ہفتوں میں دبئی کی کمپنی کی جانب سے فراہم کردہ 5سسٹمزکے ذریعے لاہور میں منتخب جگہوں پر کلاﺅڈ آنائزیشن کا تجربہ کیا جائے گا، لاہور میں سموگ ریڈکشن ٹاورز کی تنصیب کیلئے ماہرین کی ٹیم اگلے ماہ چین جائے گی، منصوبوں کی نگرانی کیلئے محکمہ تحفظ ماحولیات میں مانیٹرنگ سیل قائم کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری نے کہا پنجاب حکومت سموگ کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، پنجاب میں سموگ کی روک تھام کی کوششوں میں وفاقی و عسکری اداروں کا تعاون قابل ستائش ہے۔