ایف ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم کی کارروائی،7پلاٹس سیل،تجاوزات کا صفایا

فیصل آباد(اشفاق مغل) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے کمرشلائزیشن کی پالیسی کی خلاف ورزی کی پاداش میں سر سید ٹاون اور ناظم آباد میں سات پلاٹس کو سیل کردیا،دوسری کارروائی کے دوران مین بازار علامہ اقبال کالونی سے تجاوزات کا صفایا کر دیا گیا۔

ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے ایف ڈی اے کی زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں میں تعمیرات اور دکانوں کی قانونی حیثیت کو چیک کیا تو سرسید ٹاون میں پلاٹ نمبرز 566E 564E,541E,60B,211،اور 212ناظم آباد میں پلاٹ نمبر 31A پر بلا منظوری دکانیں قائم کی گئی تھیں یا رہائشی پلاٹس کو مختلف نوعیت کے کاروبار کےلئے استعمال کیا جا رہا تھا جنہیں فوری طور پر سر بمہر کر کے مالکان کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھیج دیئے گئے

مالکان کو ہدایت کی گئی وہ رہائشی پلاٹس کو کاروباری مقاصد کیلئے استعمال کرنے کیلئے قانونی تقاضے پورے کرکے کمرشلائزیشن کی باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر تعمیرات کو مسمار بھی کیا جا سکتا ہے۔

علاوہ ازیں انفورسمنٹ انسپکٹر اسلم انصاری کی سر بر ا ہی میں ایف ڈی اے کی ٹیم نے آپریشن کر کے علامہ اقبال کالونی کے مین بازار سے تجاوزات کا صفایا کر دیا اور تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان اٹھا کر قبضہ میں لے لیا گیا۔ دکانداروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھیج دیئے گئے۔