لاہور،اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے ،بیورورپورٹ)مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا نے آئندہ عام انتخابات میں سادہ اکثریت سے حکومت بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے پارٹی قائد نوازشریف کا ارادہ ہے ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے سب کو ساتھ لےکر چلیں گے،نواز شریف کی صورت میں ن لیگ کے پاس نہ صرف پاکستان کی سینئر ترین قیادت ہے بلکہ سب سے زیادہ تجربہ ہے ،یقین ہے نواز شریف کے اوپر پاکستان کے عوام اعتماد کریں گے، الیکٹیبلز کی ٹرم گالی ،برائی نہیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
رانا ثنا نے کہااگلے ہفتے نوازشریف کی زیرصدارت پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ ہوگی، شیڈول جاری ہوتے ہی انتخابی مہم شروع کردیں گے، ہرحلقے میں ایک سے زائد امیدوارہے ،نوازشریف ہرضلع میں جلسہ کریں گے، ملک کوبحرانوں سے نکال کرترقی کی راہ پرگامزن کریں گے۔
صدر ن لیگ پنجاب نے کہا (ن) لیگ کےخلاف سازشیں تاریخ کا حصہ ہیں،سازشوں ،حالات ،مشکلات اورجھوٹے مقدمات کاجرات ،حوصلے سے مقابلہ کیا،100فیصد متفق ہوں ملک کو پہلے ٹریک پر لانا ہے پھر احتساب کی بات ہو گی ،ملک کو بہتر کر لیں پھر ملک کو ٹریک سے نیچے لانے والوں سے بدلہ لے لے لیں، مستحکم حکومت کےلئے سادہ اکثریت چاہیے لیکن نوازشریف کا ارادہ ہے سب کو ساتھ لےکر چلیں گے۔
رانا ثنا نے کہا9مئی کا متشدد ٹولہ دفاعی ادارے پر چڑھ دوڑا ،گھروں دفاعی تنصیبات کو آگ لگائی ،شہدا کے مجسموں کو گرایاایسے گروہ کو صرف اس لئے کھلی چھٹی دیدی جائے الیکشن لڑنا ہے،ملوث افراد کو سزا بھگتنی ہوگی۔
ادھر جاوید لطیف نے کہا نواز شریف اور چیئرمین پی ٹی آئی کا موازنہ کرنابڑا ظلم ہے، بلوچستان کی جماعتوں کو بھی قومی دھانے میں شامل کرنے کی ضرورت ہے، عوام کی آخری امید نواز شریف ہی ہیں ۔
دریں اثنااحسن اقبال نے کہا 2018ءمیں پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی نے ن لیگ سے لیول پلیئنگ فیلڈ چھینی تھی،پی ٹی آئی چیئرمین ثاقب نثار کے لاڈلے تھے ، 2024ءمیں نواز شریف 24 کروڑ عوام کا لاڈلہ ہو گا،ترقی کے ہر منصوبے میں ن لیگ کی مہر لگی ہے۔
ہر حلقے میں ایک سے زائدامیدوار،سادہ اکثریت سے حکومت بنائیں گے،ن لیگ



















