غیر قانونی موٹر سائیکل رکشے بنانیوالی ورکشاپس کےخلاف کریک ڈاﺅن کا فیصلہ

لاہور (اپنے رپورٹر سے) پنجاب میں غیر قانونی طور پر موٹر سائیکل رکشہ تیار کرنے والی ورکشاپس کے خلاف کریک ڈاﺅن کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں محکمہ صنعت اورقانون کے سیکرٹریز، ڈپٹی کمشنرز، سی ٹی او لاہور اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک سات کمپنیوں کو موٹرسائیکل رکشہ تیار کرنے کے لائسنس دیئے گئے ہیں، زیادہ تر موٹرسائیکل رکشہ سیفٹی سٹینڈرڈز کے بغیرمقامی ورکشاپس میں تیار کئے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں غیر قانونی طور پر موٹر سائیکل رکشہ تیار کرنے والی ورکشاپس کیخلاف کریک ڈاﺅن کا فیصلہ کیا گیا ۔ چیف سیکرٹری نے غیر قانونی طور پر موٹر سائیکل رکشہ تیار کرنے والی ورکشاپس کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موٹرسائیکلوں کو رکشا میں تبدیل کرنا غیر قانونی ہے ، سیفٹی سٹینڈرڈز کے بغیر تیار کئے گئے موٹر سائیکل رکشے ماحولیاتی آلودگی، حادثات کا سبب بنتے ہیں ۔غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکل رکشوں کو رجسٹریشن کیلئے ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہے، صرف فٹنس کے معیار پر پور اترنے والے موٹر سائیکل رکشوں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ایک ماہ بعد کسی غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکل رکشا کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سیکرٹری صنعت کو موٹر سائیکل رکشہ تیار کرنے والی ورکشاپس کی رجسٹریشن کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔