تمام غیر قانونی مقیم تارکین کی واپسی کا عمل جلد مکمل کیا جائے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب بھر سے غیر ملکی تارکین وطن کے انخلا کا عمل بلا تعطل جاری ہے اور اس سلسلے میں پنجاب پولیس نے اب تک صوبے کے مختلف اضلاع میں 16 سو 50 سے زائد ریڈز کی ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پنجاب پولیس نے اب تک 700 سے زائد غیر ملکی شہریوں کا انخلا یقینی بنایا ہے، نادرا اور دیگر اداروں کے تعاون سے ساڑھے 17 ہزار سے زائد غیر ملکی افراد کی ویری فیکیشن عمل میں لائی گئی جبکہ 14 ہزار کے قریب غیر قانونی مقیم تارکین وطن رضاکارانہ طور پر پنجاب سے واپس جا چکے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو غیر ملکی شہریوں کے انخلا کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ کہ غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکی شہریوں کی واپسی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اس حوالے سے سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، ضلعی انتظامیہ اور دیگر انٹیلی جنس اداروں کے تعاون سے اقدامات میں تیزی لائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ انخلا کے عمل کے دوران بہترین انتظامات یقینی بنائی جائے اور انسانی حقوق کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے تاریخی اقدامات جاری ہیں جن کے تسلسل میں آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت مختلف اضلاع کے 7 اہلکاروں کے علاج کیلئے 18 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا کی زیر صدارت کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر سے بھجوائے گئے کیس زیر غور آئے۔ آئی جی پنجاب نے دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے اہلکاروں کے علاج کیلئے فنڈزجاری کرنے کی منظوری دی۔