لاہور (اپنے نمائندے سے) واسا عزیز بھٹی سب ڈویژن تاجپورہ کے ریکوری انسپکٹر نوید خان سمیت دیگر ملازمین کی طرف سے لاریکس کالونی غازی آبادکے 29ہزار بقایاجات نادہندہ سے ریکوری کے دوران ملازمین پر تشدد، اسلحہ دکھا کر جان سے مارنے کی دھمکی، انتظامیہ کی طرف سے ملزم کیخلاف درخواست پر مقدمہ درج ،پھول یونین واسا ریونیو ملازمین کی مدد کیلئے انتظامیہ کے ساتھ ایک پیج پر جبکہ سی بی اے مشعل یونین ریونیو نے ملازمین کی داد رسی کی بجائے پر اسرار خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واسا نے محکمہ کو مالی خسارے سے نجات دلانے کی خاطر آپریشن ریونیو سٹاف کی مشترکہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی اختیار کر رکھی ہے جس کی باعث محکمہ کو ماہانہ ایک ارب سے زائد کی آمدنی حاصل ہو رہی ہے جبکہ فیلڈ میں نادہندگان سے ریکوری کے دوران فیلڈ انسپکٹرز سمیت دیگر فیلڈ سٹا ف کو ڈیفالٹرز کی جانب سے پیدا ہونے والے ناخوشگوار واقعہ سے محفوظ رکھنے کی خاطر حفاظتی انتظامات نہیں کئے گئے جو کہ ملازمین کو ریکوری کے دوران پیدا ہونیوالے مسائل سے دوچار کر رہا ہے ۔ اس حوالے سے گزشتہ روز واسا عزیز بھٹی ٹاﺅن کی سب ڈویژن تاجپورہ ریونیو کے فیلڈ انسپکٹر نوید خان سمیت دیگر ملازمین کی جانب سے لاریکس کالونی غازی آباد سٹریٹ نمبر 4غازی آباد وارڈ نمبر 38پراپرٹی نمبر 168کے مستقل نادہند گان کے ذمے پانی کے بل کی مد میں 29ہزار 40روپے واجب الادا تھے، جس کیلئے ریکوری کی خاطر انکے گھر گئے جس پر متعلقہ صارف کی جانب سے ریونیو ملازمین کو تشدد کانشانہ بنایا گیا اور آتشی اسلحہ دکھا کر جان سے مارنے کی دھمکی دی اور ریکوری سے روکتے ہوئے گلی سے نکل جانے کا کہا ، واقعہ کیخلاف ایم ڈی واسا کے احکامات کی روشنی میں ایکسین عزیز بھٹی ٹاﺅن زوہیب کی جانب سے نوید خان فیلڈ انسپکٹر کی مدعیت میں ڈی ایس پی شرجیل بٹ کو درخواست دی گئی جس پر ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس سے ٹرپل ٹو اور پستول بھی برآمد ہوا ہے۔ اس میں واسا پھول یونین کے صدر سعید احمد خان، ڈپٹی چیئرمین جاوید کھوکھر، سینئر نائب صدر عابد زیدی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری مرزا حسیب نے ملازم کے ساتھ ہونیوالے واقعہ کے مقدمہ کے اندراج کی خاطر واسا انتظامیہ کے ساتھ ایک پیج پر دکھائی دئیے جبکہ سی بی اے مشعل یونین کی جانب سے ریونیو فیلڈ انسپکٹر کے ساتھ ہونے والے نا خوشگوار واقعہ پر دادرسی کرنے کی بجائے مکمل طور پر خاموشی اختیار کی گئی جبکہ واسا سی بی اے یونین کے مرکزی عہدیدار کا تعلق واسا شعبہ ریونیو سے ہے۔ اپنی کلاس کو ریکوری کے دوران ہونے والے واقعات اور ان کے حقوق کے حصول کی خاطر عملی اقدامات کرنے کی بجائے زبانی جمع تفریق تک محدود دکھائی دے رہی ہے۔ ریونیو سٹاف کی طرف سے اس ناخوشگوار واقعہ کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی گئی اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملہ پر مقدمہ کے اندراج تک ہی محدود نہ رکھا جائے بلکہ اس ملزم کو کیفر دار تک پہنچایا جائے اور سی بی اے یونین کے عہدیدران کی مکمل خاموشی پر کہا کہ ہمیشہ کی طرح صدر اور جنرل سیکرٹری کی جانب سے ریفرنڈم کے بعد ملازمین سے مکمل لاتعلقی کی تاریخ کو جاری رکھا گیا ہے جبکہ نان سی بی اے پھول یونین نے اس موقع پر مثبت کردار ادا کیا ہے، پھول یونین کے صدر سعید احمد خان کا کہنا ہے کہ ہماری خدمات مزدور کیلئے کسی جیت کی بنیاد پر نہیں فرض سمجھ کر مزدور کی خدمت کر رہے ہیں، آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
ایم ڈی واسا کی محکمے کو خسارے سے نکالنے کی مہم، ریکوری ٹیم پر نادہندہ افراد کا تشدد، جان سے مارنے کی دھمکی



















