لاہور( خبر نگار)پی ٹی آئی نے 20ماہ کی معاشی صورتحال پر وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے اپنی ساڑھے 3سالہ حکومت کی کارکردگی کا جائزہ بھی پیش کردیا، وائٹ پیپر کے نکات میں کہا گیا تحریک انصاف نے سال 2018میں حکومت سنبھالی تو معیشت تاریخ کے بدترین بحران کی زد میں تھی، (ن)لیگ نے اپنے گزشتہ دور میں درآمدی ایندھن پر منحصر پاور پلانٹس کے ذریعے توانائی شعبے کو بدانتظامی سے دوچار کیا، ن لیگی حکومت کی نا اہلی کی بدولت 1.6کھرب کا گردشی قرضہ اور 1.4کھرب تک کی سالانہ کیپیسیٹی پیمنٹس ورثے میں ملیں، مالی سال 2018میں کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ 19.2 ارب ڈالر اور ملکی زر مبادلہ ذخائر 9.4 ارب ڈالر کی سطح پر تھے، 2018میں ایسی معیشت سنبھالی جو تباہی کے دہانے اور بیرونی بحران کا شکار تھی۔
وائٹ پیپر میں کہا گیا پی ٹی آئی حکومت کے کورونا وبا سے قابل ستائش طریقے سے نمٹنے پر ورلڈ بینک نے پاکستان کو رونا سے بہترین مقابلہ کرنےوالے سرفہرست 3ممالک میں شامل کیا، کورونا کے باوجود پی ٹی آئی حکومت نے زراعت، تعمیرات ،صنعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو یقینی بنایا، کموڈٹی سپر سائیکل کے باعث عالمی سطح پر ہونے والی بلند ترین مہنگائی کے اثرات سے قوم کو محفوظ رکھتے ہوئے شرح مہنگائی کو 12.7فیصد تک محدود رکھا۔
پی ٹی آئی نے کہا اپریل 2022میں رجیم سازش کے نتیجے میں پی ڈی ایم حکومت ملک پر قابض ہوئی ،16ماہ کے دوران اچھی بھلی چلتی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا، پی ڈی ایم حکومت کی ناقص پالیسیوں نے تمام کاروباری سرگرمیوں کو تباہ کر دیا، نتیجے میں معیشت تیزی سے تنزلی کا شکارہوئی ،بےروزگاری میں اضافہ ہوا، ریکارڈ مہنگائی نے عوام کی قوت خرید تقریبا ختم کر دی اور نتیجتاًغربت کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا، پی ڈی ایم حکومت نے 6فیصد کی شرح سے ترقی کرتی معیشت کو تاریخ کی بدترین سطح پر پہنچاتے ہوئے منفی کر دیا، مئی 2023میں سالانہ افراط زر کی شرح 70سالہ تاریخ میں بلند ترین 38فیصد ریکارڈ کی گئی اور خوراک کی افراط زر 50فیصد تک جاپہنچی، بیروزگاری 75سالوں کی بلند ترین سطح 8.5 فیصد تک رہی، پی ڈی ایم کے 16ماہ میں 2ملین سے زائد افراد بےروزگار ہوئے ،2کروڑ خط غربت سے نیچے چلے گئے، پاکستان کا کریڈٹ ڈیفالٹ سواپ مارچ 2022 میں 5فیصد سے بڑھ کر50فیصد تک پہنچ گیا اور معیشت کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ مسلسل منڈلانے لگا۔
وائٹ پیپرمیں کہا گیا پی ٹی آئی دورمیں 31.3 ارب ڈالر کے مقابلے ترسیلات زر کم ہو کر 27 ارب ڈالر رہ گئیں اور برآمدات 31.7 ارب ڈالر کے مقابلے میں 27.7 ارب ڈالر تک گر گئیں۔
معیشت تباہ،بدترین مہنگائی، بیروزگاری ،قرض میں تاریخی اضافہ،پی ٹی آئی کاوائٹ پیپر



















