کراچی جلسہ منسوخ،لیول پلیئنگ فیلڈ نہ دینے میں حکومت ،ECP کا کردار، PTI

کراچی،اسلام آباد (بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے اجازت نہ ملنے پر کراچی میں 12 نومبر کو شیڈول جلسہ منسوخ کردیا۔

پی ٹی آئی کراچی نے کہا وزیراعلیٰ سندھ، کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنر کو جلسے کیلئے بارہا زبانی و تحریری استدعا کرتے رہے، انتخابی مہم سے انتظامیہ کا خوف میں مبتلا ہونا باعث تشویش ہے، رویہ انتہائی افسوسناک ،عوام کیلئے تکلیف دہ ہے،کراچی کے عہدیداروں نے کہاپی ٹی آئی کے علاوہ ایم کیو ایم، جماعت اسلامی اور ہر پارٹی کو کھلا میدان دیا جا رہا ہے، جلسے کیلئے عدالت میں درخواست دائر ہے، کراچی کے عوام ، کارکن مایوس نہ ہوں، عدالتی حکم پر جلد کراچی میں جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

دریں اثنا پی ٹی آئی ترجمان نے اپنے بیان میں کہالیول پلیئنگ فیلڈ نہ دینے میں نگراں حکومت ،الیکشن کمیشن کا ہاتھ ہے،صدر مملکت کے بیانات کو آئین سے متصادم قرار دینے کی مذمو م کوشش کی شدید مذمت کرتے ہےں، دستور کی معین کردہ مدت گزرنے کے بعد غیرآئینی ، غیر قانونی اور غیر اخلاقی طور پر وزارت پر براجمان شخص کو صدر مملکت کو آئین کا درس دیتے شرم آنی چاہیے۔

مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تحریک انصاف کو لیول پلیئنگ فیلڈ سے مسلسل محروم رکھنے میں نگران حکومت ،الیکشن کمیشن کا شرمناک کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں،پی ٹی آئی کو سیاسی اجتماعات کی اجازت سے محروم رکھنے اور قائدین و کارکنوں کی جبری گمشدگیوں میں مجرمانہ سہولت کاری کرنے والوں کو آئین کا ذکر کرنا زیب نہیں دیتا،آرٹیکل 41 صدر مملکت کو ریاستی سربراہ کی حیثیت سے تمام شہریوں کے آئینی حقوق کے تحفظ کا پابند بناتا ہے، نگراں حکومت قبل از انتخاب دھاندلی کے مذموم ایجنڈے میں سہولت کاری بند کرے۔