ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ سپیشل بچے ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور انکے بغیر ہمارے خاندان اور ملک نامکمل ہے۔انہوں نے کہا کہ سپیشل بچے خصوصی توجہ اور محنت سے معاشی اور معاشرتی زندگی کا فعال حصہ بن سکتے ہیں تاکہ وہ اپنے خاندان اور ملک کی ترقی کیلئے اپنا بھرپورکردار ادا کرسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سپیشل ایجوکیشن ساہیوال کے زیر اہتمام ڈویژنل سپورٹس گالہ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سی ای او ایجوکیشن چوہدری اکرام،ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن سپیشل ایجوکیشن شہباز علی،ڈپٹی ڈائریکٹر بجٹ اینڈ اکاﺅنٹس سعید خالد سندھو،ڈاکٹر عبدالکریم،پرنسپل نادیہ سعید،کوارڈینیٹر سپورٹس گالہ عمران شیر،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر یاسمین اختر،اسسٹنٹ کوارڈینیٹر ہیڈ مسٹریس نبہیہ ضیاءاور اسسٹنٹ کوارڈینیٹر محمد اختر جوئیہ سمیت ڈویژن بھر کے سپیشل ایجوکیشن اداروں کے اساتذہ اور طلبہ وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قوت گویائی،سماعت،جسمانی معذوری اور بصارت سے محروم بچوں نے مختلف کھیلوں جن میں رسہ کشی، 100میٹر ریس، کرکٹ، فٹ بال اور بیڈ منٹن کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ ڈویژنل سطح کے مقابلوں میں اوورآل اوکاڑہ نے پہلی، پاکپتن نے دوسری اور ساہیوال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے شاندار پرفارمنس پر خصوصی بچوں اور ان کے اساتذہ کو شاباش دی اور اساتذہ اور والدین پر زور دیا کہ خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے مزیدمحنت کریں تاکہ انہیں معاشرے کا فعال اور بامقصد شہری بنایا جا سکے۔ اس موقع پر انہوں نے محکمہ ہیلتھ کی جانب سے دیے گئے معاون آلات بھی تقسیم کئے اورسپورٹس گالہ کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔ دوسری طرف ساہیوال شہر میں جاری پسپ پروگرام کے تحت سیوریج لائن بچھانے کا کام کرنے والی چینی کمپنی چائنا گانسو کمپنی کو ٹائم لائن کی پابندی نہ کرنے پر مزید 5کروڑ 5لاکھ47ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیاگیا۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کام کی سست روی پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کمپنی سے ٹائم لائن کی پابندی کروانے کی ہدایت کی تاکہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہو سکے۔ سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا کہ یہ جرمانہ جولائی 2023سے اب تک کام کی شرح 55.22سے64.40تک کی بجائے صرف 57.13فی صد مکمل کرنے پر عائد کیا گیا۔ یوں پچھلے 4ماہ میں چینی کمپنی نے صرف1.91فی صد مزید کام کیا جبکہ ہدف کے مطابق اسے9.18فیصد کام مکمل کرنا تھا۔ کمشنر شعیب اقبا ل سید نے مڈھالی روڈ پر مرمت کے کام کا بھی جائزہ لیا اور اسے اگلے 3روز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کی مشکلات کم ہو سکیں۔
سپیشل بچے معاشرے کا اہم حصہ، انکے بغیر ہمارے خاندان اور ملک نامکمل ہے: کمشنر ساہیوال



















