اسلام آباد(بیورورپورٹ)ملک میں عام انتخابات8فروری کو ہوں گے،صدر مملکت،الیکشن کمیشن میں اتفاق ہوگیا،ایوان صدر اور الیکشن کمیشن نے تصدیق بھی کردی۔
سپریم کورٹ کی ہدایت پر اٹارنی جنرل اور الیکشن کمیشن کے وفد نے صدر مملکت سے علیحدہ علیحدہ طویل ملاقاتیں کیں ،عام انتخابات کی تاریخ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوان صدر کے اعلامیے کے مطابق عدالت عظمیٰ کے حکم پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور ای سی پی کے 4ممبران کےساتھ ایوان صدر میں صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کی،صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ بندیوں اور انتخابات کے معاملے پر ہونےوالی پیشرفت کو سنا اور تفصیلی بحث کے بعد متفقہ طور پر ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق کیا۔
ادھر الیکشن کمیشن ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہاگیا سپریم کورٹ کی ہدایت پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سرابرہی میں ممبران نے صدر مملکت سے الیکشن کی تاریخ کیلئے ملاقات کی ،اعلامیے کے مطابق متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا انتخابات 8 فروری بروز جمعرات کوہوں گے،انتخابات کی حتمی تاریخ سے جمعہ کو سپریم کورٹ کو آگاہ کیاجائےگا۔
قبل ازیں مشاورتی بیٹھک کاپہلا دور بے نتیجہ رہا،ملاقات کے دوران الیکشن کمیشن کے وفدنے انتخابات کیلئے صدر مملکت کو28جنوری،4فروری اور11فروری کی3 تاریخیں دیں،ذرائع کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کی تاریخ پر اصرار کیا۔
پہلے دور میں اتفاق رائے نہ ہونے پرچیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا،ہنگامی اجلاس میں چاروں ممبران سمیت اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی شریک رہے،اٹارنی جنرل منصورعثمان صدرمملکت کاپیغام لےکر آئے ،اجلاس میں صدر مملکت سے ملاقات کے بعد مشاورت کی گئی، مشاورت کے بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے خط لکھ کرصدر عارف علوی کو 11 فروری کو انتخابات کرانے کی تجویز دی،دوبارہ ہونے والا مشاورتی دور کامیاب رہا اور اتفاق رائے سے تاریخ پر اتفاق کیا گیا۔
ملک میں عام انتخابات8فروری2024کو ہوں گے،صدر مملکت،الیکشن کمیشن میں اتفاق



















