اپنے ہیروز کے اہل خانہ کو زندگی کے کسی موقع پر تنہا نہیں چھوڑیں گے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کا احسن اقدام، شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ کو نیا گھرفراہم کردیا۔ لاہور پولیس کے شہید کانسٹیبل قیصر کے اہل خانہ کو نجی ہاﺅسنگ سوسائٹی میں ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دیا گیا، کانسٹیبل قیصر نے لاہور کے علاقے موہلنوال میں ڈاکوﺅں سے فائرنگ کے تبادلے میں جام شہادت نوش کیا، کانسٹیبل قیصر شہید کے والد ہیڈ کانسٹیبل اللہ دتہ نے 25جنوری 2011ءکو کربلا گامے شاہ کے باہرخودکش بمبار کو روکتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ حکومت پاکستان نے کانسٹیبل قیصر کے والد ہیڈ کانسٹیبل اللہ دتہ کو قائداعظم پولیس میڈل سے نواز رکھا ہے، کانسٹیبل قیصر کے دو بھائی فیصل اور احمد علی بھی محکمہ پولیس میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں، ہیڈ کانسٹیبل اللہ دتہ شہید اور ان کے فرزند کانسٹیبل قیصر شہید کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے مزید کہا کہ ویلفیئرکا کوئی اقدام پنجاب پولیس کے اس عظیم خاندان کی لازوال قربانیوں کا نعم البدل نہیں ہوسکتا، پنجاب پولیس اپنے ہیروز کے اہل خانہ کو زندگی کے کسی موقع پر تنہا نہیں چھوڑیگی۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب کی جانب سے سنٹرل پولیس آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ، آئی جی نے شہریوں اور پولیس ملازمین کے مسائل سن کر احکامات جاری کئے ۔ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کی درخواستوں پر متعلقہ سپروائزری افسران سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ریلیف فراہم کیا ۔انہوں نے کہا کہ ناقص تفتیش اور شہریوں کی درخواستوں پر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ ناقابل قبول ہے ، ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب افسران و اہلکاروں خود کو محکمانہ کاروائی کیلئے تیار رکھیں ۔ آئی جی پنجاب نے آر پی او ، ڈی پی اوز کو شہریوں کے مسائل کے ازالے کیلئے ذاتی نگرانی میں اقدامات کی ہدایت کی ۔پولیس ملازمین نے ڈسپلن، ایڈمن اور ویلفیئر سے متعلقہ درخواستیں آئی جی پنجاب کو پیش کیں ۔ڈاکٹر عثمان انور نے ملازمین کی درخواستوں پر میرٹ کے مطابق فوری ریلیف کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولیس ملازمین کے مسائل کا ازالہ کرکے ہی ان سے بہتر کارکردگی لی جاسکتی ہے۔ شہری پولیس سے متعلقہ اپنی درخواستیں 1787 کمپلینٹ سنٹر پر بذریعہ کال ، ایس ایم ایس اور ڈاک بھی بھجوا سکتے ہیں ۔