نوازشریف کی عبوری ضمانت ،اسلام آباد ہائیکورٹ،احتساب عدالت نے گرفتاری سے روکدیا

اسلام آباد، لاہور (بیورو رپورٹ+ اپنے رپورٹر سے) سابق وزیراعظم و قائد مسلم لیگ (ن) نوازشریف کی حفاظتی ضمانت منظور، وارنٹ معطل، اسلام آباد ہائیکورٹ، احتساب عدالت نے 24 اکتوبر تک گرفتار کرنے سے روکدیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس گل حسن اورنگزیب نے العزیزیہ، ایون فیلڈ ریفرنسز میں نوازشریف کی حفاظتی ضمانت درخواستوں پر سماعت کی، نوازشریف کے وکلا امجد پرویز، اعظم نذیر تارڑ عدالت میں پیش ہوئے، نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود اور افضل قریشی نے دلائل دئیے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا نوازشریف ٹرائل کورٹ میں اشتہاری تھے، وارنٹ معطل ہوگئے، چیف جسٹس نے سوال کیا آپکے پاس آرڈر ہے؟ اعظم نذیر تارڑ نے کہا آرڈر ہوگیا، وکلا ابھی احتساب عدالت سے آرہے ہیں، عدالت نے کہا آپکے پراسیکیوٹر نے کہا تھا حفاظتی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں، نیب پراسیکیوٹر نے واضح کیا یہی موقف ہے، پیش ہونا چاہتے ہیں تو ہوجائیں۔ ہائیکورٹ نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا آپ کو کس نے ہدایت دی ہے؟۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا مجھے پراسیکیوٹر جنرل نیب کی ہدایات ہیں، عدالت نے کہا آپ تحریری طور پر آگاہ کریں، نیب پراسیکیوٹر نے کہا ہائیکورٹ نے اپنے آرڈر میں لکھا تھا اپیل کنندہ جب واپس آئے تو اپیل بحال کراسکتا ہے، چیف جسٹس نے استفسار کیا یہی پوچھا تھا نیب کا کیا موقف ہے؟ کوئی تبدیلی تو نہیں؟ نیب پراسیکیوٹر نے کہا ابھی تو یہی موقف ہے، وہ آتے ہیں تو کوئی اعتراض نہیں، عدالت نے ریمارکس دئیے نیب پراسیکیوٹر نے کہا نوازشریف کو حفاظتی ضمانت پر اعتراض نہیں۔

بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 24 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے حکم دیا نوازشریف کو پاکستان واپس آنے پر گرفتار نہ کیا جائے۔ عدالت نے نوازشریف کی حفاظتی ضمانت پر اعتراض نہ کرنے پر نیب سے تحریری جواب بھی طلب کرلیا۔

قبل ازیںاسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج بشیر نے نوازشریف کی توشہ خانہ کیس میں وارنٹ معطلی درخواست پر سماعت کی، نوازشریف کے وکیل قاضی مصباح، نیب پراسیکیوٹرز پیش ہوئے، وکیل صفائی قاضی مصباح نے کہا نوازشریف کے وارنٹ معطلی کیلئے درخواست دائر کی تھی، وہ عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں، 21 اکتوبر کو پاکستان آرہے ہیں لہٰذا وارنٹ گرفتاری معطل کردیں۔

جج بشیر نے کہا نوازشریف کےخلاف توشہ خانہ کیس نیب کورٹ 3 کا معاملہ ہے، وکیل نے کہا 24 اکتوبر کو آپکی عدالت میں سماعت مقرر ہے، نوازشریف پیش ہونا چاہتے ہیں۔ احتساب عدالت کے جج بشیر نے سابق وزیراعظم کے کیس کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ جج نے وکیل صفائی سے مکالمہ کیا آپکو کافی کیسز ملتے ہیں۔

قاضی مصباح نے کہا بس موکل کا اعتماد ہے ہم پر، قاضی مصباح نے کہا نوازشریف نے کیوں پاکستان چھوڑا؟ تمام دستاویزات میں تحریر کردیا، انڈرٹیکنگ شہبازشریف نے دی ہوئی ہے۔ جج بشیر نے استفسار کیا کیا ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت دائر کی؟ وکیل نے کہا توشہ خانہ کیس پر ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت دائر نہیں کی، توشہ خانہ کیس میں وارنٹ جاری ہوئے، فیصلہ نہیں ہوا تھا، اسحاق ڈار کے اسی نوعیت کے کیس میں وارنٹ معطل ہوئے۔

جج بشیر نے استفسار کیا نوازشریف کے نہ آنے کی کیا وجہ تھی؟ وکیل صفائی قاضی مصباح نے کہا جب نوازشریف نے پاکستان چھوڑا تو طبیعت بہت ناساز تھی، طبی رپورٹ لگی ساتھ منسلک ہے، لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست اب بھی زیرالتوا ہے، صوبائی حکومت نے چیلنج نہیں کیا۔ نوازشریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹ بھی ساتھ لگا دی، نوازشریف احتساب عدالت پیش ہوں گے، وارنٹ گرفتاری معطل ہونے کے بعد ملزم عدالت پیش ہوتا ہے، عدالت ملزم کی درخواست کو دیکھتے ہوئے وارنٹ گرفتاری معطل کردیتی ہے، نیب کی جانب سے نواز شریف کا کوئی وارنٹ گرفتاری نہیں، نوازشریف احتساب عدالت آکر پیش ہونا چاہتے ہیں، وارنٹ معطل کردیں تاکہ عدالت آنے کا راستہ مل جائے۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا نوازشریف نے 2 ریلیف مانگے، نوازشریف کہہ رہے ہیں عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا چاہتے ہیں، نوازشریف سرنڈر کرنا چاہتے ہیں تو وارنٹ معطل کردیں، وکیل صفائی نے کہا نوازشریف کےخلاف کیس احتساب عدالت میں ٹرائل کے مرحلے پر ہے، دیگر کیسز میں اپیل کا مرحلہ ہے، ریفرنس دائر ہونے سے 4 ماہ پہلے نوازشریف بیرون ملک چلے گئے تھے، جج بشیر نے کہا دیگر ملزموں کا کیا ہے؟۔

قاضی مصباح نے کہا آصف زرداری وغیرہ پلیڈر کے ذریعے عدالت پیش ہورہے ہیں، جج بشیر نے کہا کیا دیگر ملزم گرفتار ہوئے ؟ وکیل صفائی قاضی مصباح نے کہا توشہ خانہ کیس میں کوئی گرفتاری تاحال نہیں ہوئی، 24 اکتوبر کو تفصیل کےساتھ دلائل دیں گے، نوازشریف 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے، عدالت پیش ہونے کی اجازت دی جائے، نیب پراسیکیوٹر نے کہا نوازشریف عدالت پیش ہونا چاہتے ہیں، وارنٹ کا مقصد ہی قانون کا سامنا کرنا ہے، نوازشریف پیش ہونا چاہتے ہیں تو وارنٹ معطل کردیں۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد احتساب عدالت اسلام آباد کے جج بشیر نے توشہ خانہ کیس میں نوازشریف کی وارنٹ معطلی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تاہم کچھ دیر بعد محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے جج بشیر نے کہا عدالت کی جانب سے 24 اکتوبر تک وارنٹ گرفتاری معطل کئے جا رہے ہیں، نواز شریف 24 تاریخ تک پیش ہوجائیں، اگر 24 اکتوبر کو نوازشریف پیش نہ ہوئے تو مزید کارروائی کی جائےگی اور وارنٹ بحال ہوجائیں گے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم و قائد مسلم لیگ (ن) نوازشریف تقریباً 4 سال بعد کل وطن واپس پہنچیں گے، مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پرتپاک استقبال کیلئے گریٹر اقبال پارک میں تاریخی جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں، نوازشریف نے قوم کو آئندہ کا سیاسی، سماجی و معاشی ایجنڈا اور لائحہ عمل دینے کےلئے خطاب کے ابتدائی نکات تیار کرلئے، وطن واپسی پر پارٹی کی مرکزی قیادت سے مشاورت میں حتمی شکل دی جائےگی۔

گریٹر اقبال پارک میں نوازشریف و دیگر قیادت کے بیٹھنے کےلئے 80 فٹ چوڑا اور 40 فٹ بلند سٹیج تیار کرلیا گیا، مینار پاکستان جلسے میں آنیوالے قافلوں کیلئے پارکنگ پلان بھی ترتیب دےدیا گیا۔ آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں سے پارٹی رہنما و کارکن لاہور پہنچیں گے، دور درازے کے علاقوں سے کارکنوں کے قافلے چل پڑے۔

ادھر شریف فیملی کے ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے کہا نوازشریف کے دبئی سے پاکستان پہنچنے کے پروگرام میں اب تک کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، نوازشریف کے طیارے کو قانونی ضروریات کے تحت پہلے اسلام آباد اترنا ہوگا، اسلام آباد پہنچ کر مختصر قیام کریں گے پھرلاہور پہنچیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اعظم نذیر تارڑنے کہا نواز شریف کی واپسی کا پلان وہی ہے جو اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرایا گیا، شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں،21اکتوبر کو خصوصی طیارہ بعد از دوپہر اسلام آباد لینڈ کریگا، نوازشریف اسلام آباد میں مشاورتی میٹنگ، قانونی کارروائی کے بعد لاہور جائیں گے اور طے شدہ شیڈول ،وقت پر مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کریں گے۔