مظلوم فلسطینیوں پر غاصب اسرائیل کے مظالم قابل قبول نہیں: طاہر اشرفی

لاہور (اپنے نمائندے سے) چیئرمین پاکستان علما کونسل اور صدر انٹرنیشنل انٹرفیتھ ہارمنی کونسل طاہر اشرفی نے پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد ربیعی سے ملاقات کر کے فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان اور پوری امت مسلمہ فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ ہے ۔ غاصب اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں پر مظالم کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہے ، پاکستان کی ریاست اور عوام اہل فلسطین کی مکمل تائید وحمایت کرتی ہے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے فلسطینی سفیر کو یکجہتی فلسطین کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کی۔پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد ربیعی نے کہا کہ اہل فلسطین اپنی آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں ۔ اسرائیلی جارحیت اور دہشت گردی سے ہزاروں فلسطینی شہید اور زخمی ہیں۔ اہل فلسطین کی غزہ سر زمین ہے ۔ اہل فلسطین اپنی سر زمین سے دستبردار نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے پاکستان کی ریاست اور عوام کی طرف سے اہل فلسطین کی مکمل تائید و حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ دریں اثنا پاکستان علما کونسل کے زیر اہتمام آج یکجہتی فلسطین کانفرنس اسلام آباد میں ہو گی۔