اسلام آباد (بیورو رپورٹ) عالمی بینک کا کہنا ہے کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی نہ ہونے کے باعث ٹیکس وصولیاں کم ہو رہی ہیں، ٹیکس اصلاحات پر عملدرآمد کرنے سے معیشت میں ٹیکسز کا حصہ دو فیصد بڑھ سکتا ہے۔ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں صرف 80 لاکھ افراد انکم ٹیکس میں رجسٹرڈ ہیں، ٹیکس محصولات میں بڑا حصہ بالواسطہ کٹ ٹیکسوں سے حاصل کیا جاتا ہے۔ عالمی بینک کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں اس وقت 11 کروڑ 40 لاکھ افراد برسر روزگار ہیں، رئیل اسٹیٹ کیلئے ٹیکس کی شرح کم ہونے کی وجہ سے سرمایہ کاری زیادہ ہے، اس سے پیداواری شعبے میں سرمایہ کاری کا رجحان کم ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں 90 فیصد کاشتکار ٹیکس نہیں دیتے، ایف بی آر کا ٹیکسز کیلئے نظام پیچیدگیوں کا شکار ہے، زرعی آمدن پر انکم ٹیکس کی وصولی بہتری سے ٹیکسوں کا حصہ ایک فیصد بڑھ سکتا ہے۔ واضح رہے کہ عالمی بینک سے ایف بی آر کیلئے رائز ٹو پروگرام کے تحت 35 کروڑ ڈالر ملیں گے لیکن اس سے پہلے عالمی بینک کی طرف سے دی گئی اصلاحات پر عملدرآمد کیا جائے۔ دوسری طرف عالمی بینک نے پاکستان کو 15 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کیلئے رضامندی ظاہر کر دی۔ دستاویز کے مطابق پاکستان کو توانائی سیکٹر منصوبے کیلئے 13 کروڑ 50 لاکھ ڈالر بطور قرض ملے گاجبکہ عالمی بینک پاکستان کو ڈیڑھ کروڑ ڈالر بطور گرانٹ بھی فراہم کرے گا۔ دستاویز کے مطابق منصوبے کا مقصد توانائی شعبے کی کارکردگی میں بہتری و تحفظ ہے، کمرشل، انڈسٹریل اور رہائشی عمارتوں کو گیس سے بجلی پر منتقل کیا جائیگا۔ دستاویز میں بتایا گیا کہ منصوبے پر عملدر آمد سے سالانہ 291 ارب 65 کروڑ روپے بچت کا تخمینہ لگایا ہے ، توانائی کی بچت کرنے والی عمارتوں کی تعمیرکی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔ اسکے علاوہ توانائی شعبے میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو بھی فروغ دیا جائےگا۔
پاکستان میں ٹیکس وصولی کم، عالمی بینک 15 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کیلئے رضامند



















