اسلام آباد (بیورورپورٹ)سربراہ جے یوآئی فضل الرحمن نے سیاسی ماحول وجمہوریت کی مضبوطی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کیلئے گنجائش پیدا کرنے کی تجویز دےدی۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہاوقت آگیا ہے سیاستدان و سیاسی جماعتیں بالغ نظری کا مظاہرہ کریں،سیاسی جماعتوں کو اختلاف رائے کے باوجود سیاسی گنجائش پیدا کرنی چاہیے،سیاسی انتشار و خلفشار سے جمہوریت مضبوط ہوگی نہ ملکی مسائل حل ہوں گے۔
سربراہ جے یوآئی نے کہاآپس میں گنجائش کا فائدہ کسی ایک جماعت نہیں تمام سیاسی جماعتوں کو ہوگا،سیاستدان کسی سے بھی اختلاف رائے یا الگ موقف رکھ سکتا ہے مگر سیاسی انتشار کا شکار نہیں ہونا چاہیے،جمہوریت کی مضبوطی ضد و ہٹ دھرمی میں نہیں بلکہ جمہوری رویوں کی مضبوطی میں ہے۔
فضل الرحمن نے کہاپاکستان ، امت مسلمہ دونوں کئی مشکلات کا شکار ہیں، ملکی مسائل کا حل کسی ایک شخص یا جماعت کے پاس نہیں،معاشی ترقی و استحکام سیاسی و داخلی استحکام کیساتھ جڑا ہے،افسوس خود سیاستدانوں کے سبب ماضی و حال میں جمہوریت کیلئے مشکلات آئیں اب سنبھلنا ہوگا،سب کے ماضی کا علم ہے مگر اب جمہوریت کی مضبوطی کیلئے سیاسی گنجائش کے فارمولے کیساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔
جے یوآئی سربراہ نے کہاآصف زرداری اور بھٹو خاندان کیساتھ سیاسی اختلاف کے باوجود پرانے تعلقات ہیں،ایک دوسرے کی خوشی و غمی میں شرکت کرتے ہیں، سیاست دانوں میں اختلاف رائے کے باوجود سیاسی گنجائش لازمی ہے،منشور، موقف دینا سب کا حق مگر ترجیح پارلیمنٹ کی بالادستی ہے،سیاسی جماعتوں نے ایک دوسرے کےلئے گنجائش پیدا نہیں کریں گی تو نقصان سب کا ہوگا۔
تمام سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کیلئے گنجائش نکالیں، فضل الرحمن



















