سائفر کیس ،عمران ،قریشی پر منگل کو فرد جرم عائد ،جیل ٹرائل حق میں ہے،ہائیکورٹ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر منگل کو فرد جرم عائد ہوگی،کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں قائم آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت میں ہوگی۔

پی ٹی آئی وکلا کی فہرست عدالت میں جمع کرادی گئی، وکلا میں عمیرنیازی، سلمان صفدر، نیازنیازی، خالدیوسف و دیگر شامل ہیں، جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے تمام8 وکلاکو اڈیالہ جیل داخلے کی اجازت دے دی۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاہے سکیورٹی کے پیش نظر جیل ٹرائل عمران خان کے حق میں ہے،چیف جسٹس عامر فاروق نے سائفر کیس کی جیل میں سماعت کےخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ہدایات کےساتھ نمٹا دی ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلے میں لکھا چیئرمین پی ٹی آئی خود اپنی سکیورٹی پر متعدد بار خدشات کا اظہار کر چکے ،بظاہر جیل ٹرائل کے معاملے پر کوئی بد نیتی نظر نہیں آئی، جیل ٹرائل پر تحفظات ہوں تو پٹیشنر ٹرائل کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔

دریں اثناچیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف درج 3مقدمات میں درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران عدالت نے 24اکتوبر تک تینوں مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا،چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل صفائی سلمان صفدر نے اے ٹی سی جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے روبرو چیئرمین پی ٹی آئی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی استدعا کر دی۔

ادھر وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے بھی جیل ٹرائل کےخلاف عدالت میں درخواست دائر کردی،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا عدالت ٹرائل کورٹ کو فرد جرم عائد کرنے سے روکے، بغیر نوٹیفکیشن جیل ٹرائل جاری ہے،عدالت جیل ٹرائل سے روک کر اوپن ٹرائل کی ہدایت کرے۔