لاہور (اپنے نمائندے سے) واسا نشتر ٹاﺅن سب ڈویژن لیاقت آباد کے ایس ڈی او کی سرپرستی میں سب انجینئر نے کروڑوں روپے کے سرکاری وہیکل اناڑیوں کے سپرد کردئیے، ریگولر ڈرائیور کا ڈویژن انتظامیہ سے ملی بھگت کرتے ہوئے ڈیزل کی خورد برد میں برابر کا حصہ داری سمیت بغیر ڈیوٹی کئے تنخواہ کی وصولی کا انکشاف۔تفصیلات کے مطابق واسا نشتر ٹاﺅن ایکسین نمبر دو کی زیر سرپرستی سب ڈویژن لیاقت آباد میں مالی بے ضابطگیوں سمیت سرکاری وہیکل کی ذمہ داری کاغذی طور پر مستقل ڈرائیورز کو تفویض کی گئی ہے لیکن عملی طور پر ایس ڈی او شبیر احمد کی سرپرستی میں عرصہ دراز سے تعینات سب انجینئر کی جانب سے کروڑوں روپے کے وہیکل اناڑیوں کے سپرد کر رکھے ہیں مبینہ طور پر ظفر نامی وہیکل ڈرائیور کی گاڈی یونس نامی ملازم کے سپرد کر رکھی ہے جبکہ ظفر نامی ڈرائیور ڈیوٹی کئے بغیر تنخواہ کی وصولی سمیت سب انجینئر کے ساتھ ملی بھگت کرتے ہوئے وہیکل کو جاری پٹڑول کی مد میں خورد برد کرنے کا انکشاف کیا گیا ہے جس سے محکمہ کو بڑے مالی نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ کی کروڑوں روپے مالیت کی وہیکل کو غیر متعلقہ کیڈر کے ملازم کے حوالے کرنے کا مقصد زاتی مالی مفاد حاصل کرنا ہو سکتا ہے۔ ماضی میں نشتر ٹاﺅن میں غیر متعلقہ ملازم کو وہیکل کی ذ مہ داری تفویض کرنے سے حادثات ہوئے جن کے نتیجہ میں انسانی جانوں کا ضیاع دیکھنے میں آیا۔ اس کے باوجود لیاقت آباد سب ڈویژن کی انتظامیہ کی جانب سے اسی طرح کی بد انتظامی دیکھنے میں آرہی ہے۔ ذرائع کے مطابق نشتر ٹاﺅن کی متعدد سب ڈویژنز میں سیاسی طور پر سیور مین ملازمین کو وہیکل مگ سکر ،جیٹر، ٹرالی واٹر ٹینک بطور ڈرائیور زمہ داری تفویض کر رکھی ہے جس سے مستقل وہیکل ڈرائیورز کی حق تلفی ہو رہی ہے، مبینہ طور پر مختلف وہیکلز کو جاری کئے جانے والے فیول میں بھی خرد برد کا انکشاف کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لیاقت آباد سب ڈویژن میں عرصہ دراز سے تعینات سب انجینئر مبینہ طور پر مختلف مالیاتی معاملات میں خرد برد کرنے میں مصروف ہے جبکہ ایس ڈی او کے اختیارات کے استعمال کرنے کا بھی انکشاف کیا گیا ہے۔ ایکسین نشتر ٹاﺅن نمبر دو محمد علی حیدر کا کہنا ہے کہ ایسا ممکن نہیں لیکن میں چیک کر لیتا ہوں ۔ایس ڈی او لیاقت آباد شبیر احمد نے کہا کہ یہ الزامات بے بنیاد ہیں اس میں کسی قسم کی سچائی نہیں ہے۔
واسا نشتر ٹاﺅن،ایس ڈی او کی زیرسرپرستی سب انجینئر کی کرپشن، قیمتی سرکاری گاڑیاں اناڑیوں کے سپرد



















