اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے نواز شریف کی گرفتاری و ضمانت کا معاملہ عدالتوں پر چھوڑ دیں،پارلیمنٹ ہاوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضی سولنگی نے کہاسابق وزیر اعظم کو جو سکیورٹی ملتی ہے وہ دیں گے، نواز شریف کی گرفتاری و ضمانت کا معاملہ عدالتوں پر چھوڑ دیں۔
وزیر اطلاعات نے کہاہر اہم سیاسی سرگرمی کی اجازت ہوگی جس میں نواز شریف بھی آتے ہیں ،عدالتیں طے کریں گی نواز شریف کا سٹیٹس کیا ہے، نگران حکومت کا کام آئین و قانون پر عملدرآمد ہے۔
دریں اثنا وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے پاکستان میں تعینات روس کے سفیر دانیلا گینیچ نے ملاقات کی ،دونوں ممالک کے درمیان میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال ،روابط، سلامتی، معیشت، تعلیم، ثقافت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا،مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان ،روس کے درمیان میڈیا، ڈرامہ، فلمز، مشترکہ پروڈکشنز اور تربیتی پروگرامز سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
نگران وزیر اطلاعات نے کہاپاکستان روس کےساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،پاکستان روس کےساتھ میڈیا، ڈرامہ، فلمز کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا چاہتا ہے،مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانا،مشترکہ اہداف کی راہیں تلاش کرنا بزنس کمیونٹی اور عوام کے دل کی آواز ہے،باہمی تعلقات بدلتے تقاضوں کے مطابق تابناک مستقبل کی جانب بڑھتے رہیں گے۔
روسی سفیر نے کہاروس پاکستان کےساتھ میڈیا سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی میں تعاون کا خواہاں ہے،روس میں پاکستانی ڈراموں کو خاصی مقبولیت حاصل ہے۔
نواز شریف کی گرفتاری و ضمانت کا معاملہ عدالتوں پر چھوڑ دیں، مرتضیٰ سولنگی



















