مینار پاکستان پر قائد نواز شریف کا خطاب قومی نصب العین طے کرے گا،شہباز

لاہور( خبر نگار )سابق وزیراعظم وصدر ن لیگ شہبازشریف نے کہاہے تیز رفتار ترقی کا سفر پھر شروع ہونے کو ہے، نوازشریف کی قیادت میں سنہرا دور پھر واپس آرہا ہے، مہنگائی میں کمی کا آغاز جلد ہونےوالا ہے،ن لیگ سے زیادہ عوام کا کوئی ہمدرد نہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق اراکین قومی وصوبائی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات کرنے والوں میں شیخ وسیم، سعد وسیم اور چودھری الیاس شامل تھے ،شہبازشریف نے کہان لیگ نے قوم سے کیا ہروعدہ پورا کیا ، نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) سے زیادہ عوام کا کوئی ہمدرد نہیں، ہمیشہ قوم سے سچ بولا، دیانتداری سے خدمت کافریضہ سرانجام دیا۔

دریں اثنا پارٹی کارکنوں کے نام اپنے پیغام میںشہباز شریف نے کہا 21اکتوبر کو مینار پاکستان پر قائد نواز شریف کا خطاب قومی نصب العین طے کرے گا،نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کیلئے محنت پر تمام کارکنوں کو شاباش دیتا ہوں، مرد و خواتین و نوجوان کارکنوں کا جذبہ،پارٹی سے نظریاتی وابستگی مثالی ہے، ملکی کامیابی کی ٹیم آپ ہیں، دن رات کی محنت رنگ لائے گی۔

سابق وزیراعظم نے کہاپاکستان کی کامیابی اتحاد و اشتراک عمل میں ہے، خطے و دنیا میں ابھرتے سنگین بحرانوں میں پاکستان کا اتحاد و معاشی مضبوطی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، 21 اکتوبر کو نواز شریف کی وطن واپسی پاکستان کے اتحاد ، معاشی مضبوطی کی طرف اہم قدم ثابت ہوگی۔

شہبازشریف نے کہابحرانوں سے نکالنے و عوام کی توقعات کو پورا کرنے میں ہمیشہ قائد مسلم لیگ (ن) نے تاریخی کردار ادا کیا، ایک بار پھر تاریخ اور اپنی سنہری روایت دہرائیں گے ، عوام کو مشکل سے نکالیں گے، پوری کوشش کریں گے نوازشریف کی قیادت میں سب ٹھیک کریں،ہمیشہ ملک کو بچایا ،فیصلہ کن مرحلہ بھی ماضی کی روایتی ہمت و قوت سے عبور کرنا ہے،نواز شریف کی قیادت میں ملک گیر انتخابی مہم پوری قوت سے چلائیں گے۔