دہشتگردوں کے ہینڈلرز و فنانسرز کےخلاف دنیا کو ملکرفیصلہ کن لڑائی لڑنا ہوگی،شہبازشریف

لاہور (اپنے رپورٹر سے)سابق وزیراعظم اور صدر ن لیگ شہبازشریف نے انقرہ میں دہشتگردحملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے دہشتگرد انسانیت کے مشترکہ دشمن ہیں ،دہشتگردوں کے ہینڈلرز ،فنانسرز کےخلاف پوری دنیا کو ملکرفیصلہ کن اقدام کرنا ہوگا ،اقوام متحدہ ،سلامتی کونسل دہشتگردی کے تدارک،ہینڈلرز کےخلاف کارروائی پر غور کرے ،بین الاقوامی تحقیقات کی ضرورت ہے دہشتگردی واقعات کے پیچھے کون ہے ،او آئی سی کے پلیٹ فارم سے اسلامی دنیا کو عفریت کےخلاف مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔

اپنے بیان میں شہبازشریف نے کہا دہشتگردی ، خود کش حملوں میں خاص پیٹرن نظر آرہا ہے ،کینیڈا میں سکھ رہنما کا قتل مسئلے کی سنگینی و دہشتگردی کی سرپرستی کا ایک اور ثبوت ہے۔

ایک اور بیان میں شہبازشریف نے کہا میانوالی میں کنڈل پٹرولنگ پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کا بہادری سے مقابلہ کرتے پولیس ہیڈ کانسٹیبل ہارون خان نے جام شہادت نوش کیا،دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پنجاب پولیس ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے،دہشتگردی کےخلاف یکجان ہو کر فیصلہ کن لڑائی لڑنا ہوگی، پاکستانیوں کا خون بہانے والوں کو مٹا کر دم لیں گے۔