شیخ رشید 2 اکتوبر تک بازیاب ورنہ سخت کارروائی ہوگی،عدالت

راولپنڈی(بیورورپورٹ)عدالت نے شیخ رشید کی بازیابی کیلئے پولیس کو آخری مہلت دیتے ہوئے کہاہے سابق وزیر داخلہ کو 2 اکتوبر تک برآمد نہ کیا تو سخت کارروائی ہوگی۔

لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بنچ میں شیخ رشید لاپتہ کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے استفسار کیا آپ نے ایک ہفتہ مانگا تھا، بتائیں کیا پیش رفت ہے؟، عدالت نے آر پی او سید خرم علی کی سرزنش کی،شیخ رشید کے وکیل نے دوران سماعت عدالت کو بتایا پولیس رابطہ کر کے پیشکش کر رہی ہے شیخ رشید بیان دے دیں وہ خود گئے تو چھوڑ دیتے ہیں، ایس ایس پی آپریشن کی قیادت میں پولیس نے چھاپہ مار کر گرفتار کیا، سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے ،علاقے کے قریبی رہائشی تمام سکیورٹی گارڈ بھی گرفتاری کے گواہ ہیں۔

عدالت نے آر پی او سے استفسار کیا آپ بیان حلفی دیتے ہیں (شیخ رشید سمیت 3افراد) پولیس کے پاس نہیں؟ عدالت نے ریمارکس دئیے اگر تینوں مغوی راولپنڈی سے برآمد ہوگئے تو آپ کےخلاف قانونی کارروائی ہوگی،عدالت نے کہا آخری مہلت دے رہے ہیں اور کسی کو نہیں بلائیں گے، آر پی او ہی برآمد کریں گے، جسٹس صداقت علی خان نے کہا آئندہ تاریخ 2 اکتوبر تک برآمد نہ کیا گیا تو سخت قانونی کارروائی ہوگی۔