اسلام آباد(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم عمران خان کی اڈیالہ منتقلی پر متضاد بیانات،جیل حکام نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کادعویٰ مسترد کردیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی درخواست پر سماعت کی۔
جسٹس عامر فاروق نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کا سٹیٹس تبدیل ہو چکا ، اسلام آباد کے تمام انڈر ٹرائل قیدی اڈیالہ جیل میں ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی ابھی تک اٹک کیوں ہیں؟ اڈیالہ جیل کیوں نہیں؟ توشہ خانہ کیس میں اٹک جیل رکھا گیا وہ سزا معطل ہو چکی کل اگر آپ رحیم یار خان کی جیل میں بھیج دیں تو وہاں ٹرائل کریں گے؟،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا جب سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری ہوئی تو عدالتی آرڈر اٹک جیل کا ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے قانون کے مطابق اسلام آباد کے انڈر ٹرائل قیدی کو اڈیالہ جیل ہونا چاہیے، چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل شفٹ کریں،وکیل شیر افضل مروت ایڈووکیٹ نے استدعا کی چیئرمین پی ٹی آئی سپورٹس مین ہیں، ایکسرسائز مشین فراہم کی جائے، چیف جسٹس نے کہا بتایا گیا تھا جیل میں اے بی اور سی کلاس ختم ہو گئی۔
عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا اب جیل میں عام و بہتر کلاس ہوتی ہے، سابق وزیراعظم بہتر کلاس کے حقدار ہیں، جسٹس عامر فاروق نے کہا یہ بات تو طے شدہ ہے چیئرمین پی ٹی آئی بہتر کلاس کے حقدار ہیں، عمران خان سابق وزیراعظم اور پڑھے لکھے شخص ہیں، جیل رولز کے مطابق وہ جن چیزوں کے حقدار ہیں ملنی چاہئیں، ایسا نہیں ہونا چاہیے چیئرمین پی ٹی آئی کی کوئی حق تلفی ہو،وکیل نے عدالت سے استدعا کی چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کیا جائے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کوشش ہو گی اڈیالہ جیل منتقلی کا تحریری حکم نامہ جاری کردیں،اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دےدیا۔
بعدازاںچیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاءنے دعویٰ کیاعمران خان کو اٹک سے سینٹرل جیل اڈیالہ منتقل کرکے سابق وزیراعظم کی سہولیات فراہم کردی گئی ہیںتاہم اڈیالہ جیل حکام نے دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہاعمران خان تاحال اٹک جیل میں ہیں،اڈیالہ منتقل نہیں کیا گیا، چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں،حکام نے کہاہائیکورٹ کا حکم تاحال موصول نہیں ہوا،آرڈرملتے ہی عملدرآمد ہوگا۔
دریں اثنا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے غیر شرعی نکاح کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو 2 اکتوبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دےدیا،چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ کےخلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کیس پر سماعت ہوئی،چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل نے استدعا کی مبینہ غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل سے عدالت پیش کرنے کے دوبارہ احکامات جاری کیے جائیں، معاملہ اب اٹک جیل نہیں بلکہ اڈیالہ کا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دےدیا،جج نے وکیل سے سوال کیا آپ کیا سمجھتے ہیں چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کرنا ضروری ہے؟۔
وکیل شیر افضل مروت نے جواب دیا چیئرمین پی ٹی آئی اس وقت ریاست کی کسٹڈی میں ہیں،قبل ازیںاٹک جیل کے سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کرنے سے معذرت کی گئی،جیل سپرنٹنڈنٹ نے عدالت کو خط لکھ کر آگاہ کیا چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل سے باہر لانا خطرے سے کم نہ ہو گا،اٹک سے اسلام آباد کے سفر میں کوئی بھی واقعہ پیش آ سکتا ہے۔
علاوہ ازیںچیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف سائفر کیس کی سماعت جیل میں ہی ہوگی، وزارت قانون نے سائفر کیس کی جیل میں سماعت کا این او سی جاری کردیا، خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین منگل کو سماعت کریں گے، وزارت قانون کے نوٹی فکیشن میں اٹک یا اڈیالہ کسی جیل کا ذکر موجود نہیں، عمران خان جس جیل میں ہوں گے وہاں سماعت ہوگی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بہتر کلاس کے حقدار،حق تلفی نہیں ہونی چاہیے،اسلام آباد ہائیکورٹ



















