قائد اعظم یونیورسٹی کو اسلحہ و منشیات سے پاک ،ایجنسیوں کو بھی دور رکھیں،قاضی

اسلام آباد(بیورورپورٹ)قائد اعظم یونیورسٹی سنڈیکیٹ اجلاس میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی شرکت، طلبہ یونین کی بحالی کافیصلہ،قواعد طے کرنے کےلئے کمیٹی قائم کردی گئی۔

جسٹس قاضی فائزعیسیٰ وائس چانسلر پروفیسر نیاز کی زیر صدارت ہونےوالے اجلاس میں بطور رکن شریک ہوئے،ذرائع کے مطابق قائد اعظم یونیورسٹی سنڈیکیٹ نے یونیورسٹی میں طلبہ یونین کی بحالی کا فیصلہ کرلیا،سیکرٹری تعلیم وسیم اجمل کی سربراہی میں قواعد طے کرنے کےلئے کمیٹی قائم کردی گئی۔

چیف جسٹس نے یونیورسٹی میں اسلحہ بردار پولیس، رینجرز و سکیورٹی کی موجودگی پر ناراضی کا اظہار کیا اور کہا یونیورسٹی کو اسلحہ و منشیات سے پاک رکھیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا یونین غیر جماعتی ، فرقہ واریت، لسانی تقسیم سے پاک ہو، قائداعظم یونیورسٹی کے پہلے قانون میں یونین موجود تھی، جنرل ضیا الحق کے مارشل لا کے پہلے حکم میں یونیورسٹی یونین ختم کی گئی،کسی کو بھی یونیورسٹی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہ دیں ، ایجنسیوں کو بھی دور رکھیں، اعلیٰ تعلیم پر توجہ دی جائے،چیف جسٹس نے قائد اعظم یونیورسٹی کیمپس میں سائیکلنگ کو فروغ دینے کی ہدایت بھی کردی۔