لاہور(علی جنید ) محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب میں تاریخی حیثیت کا حامل فراڈ منظر عام پر آگیا ۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کے ایک اعلیٰ آفیسر ایسی ٹیوٹا فارچیونر گاڑی استعمال کر رہے ہیں جس پر جعلی نمبر پلیٹس بھی آویزاں کر رکھی ہیں جبکہ نہایت حیرت انگیز امر یہ کہ محکمہ ایکسائز پنجاب کے اعلیٰ آفیسر جانب سے جو سرکاری نمبر GBB.717 لگا رکھا ہے وہ سرکاری نمبر دراصل لاہور ہائیکورٹ کے تحت سول جج درجہ اوّل کو سرکاری طور پر فراہم کی گئی سوزوکی کلٹس کو جاری کیا گیا لیکن ایکسائز پنجاب کے اعلیٰ افسر عرصہ دراز سے دو نمبر ٹیوٹا فارچیونر پر ایک سول جج کو دی گئی سرکاری گاڑی کا نمبر لگائے پنجاب بھر کی شاہراوں سمیت سرکاری و نجی تقریبات میں روزانہ کی بنیاد پر شریک ہوتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے معاملے پر سول انٹیلی جنس اور پولیس کو نوٹس لینا چاہیے ۔
”مشرق“ نے سیکرٹری ایکسائز پنجاب مسعود مختار سے موقف لینے کےلئے متعدد بار رابطہ کیا لیکن بات نا ہو سکی جبکہ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ایم علی نے اپنا موبائل بلاک لسٹ میں ڈال دیا، ان معاملات پر ذرائع نے انکشاف کیااور خبر پر” مشرق“ نے اپنی مکمل تحقیقات کی ہیں کہ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے لاہور ایوان عدل میں مقرر ایک معزز سول جج درجہ اوّل (رینٹ کلکٹر )کو جاری کی گئی سرکاری گاڑی سوزوکی کلٹس نمبرGBB-717 جس کا سرکاری اونرID 21623793 ، چیسس نمبر NF1Avk31H10102011 اور انجن نمبر PK10k202013 جبکہ ماڈل 2022 مزکورہ سرکاری نمبر جاری کیا گیا ۔
حیرت کی بات تو یہ ہے یہی نمبر GBB-717 ایکسائز ٹیکسیشن پنجاب کے ایک اعلیٰ افسر ایک پرانی گاڑی ٹیوٹا فارچیونر پر لگا رکھا ہے جبکہ” مشرق“ کی جانب سے تحقیقات کے دوران دونوں گاڑیوں تک رسائی بھی حاصل کی گئی ہے اور مختلف سرکاری محکموں کے ریکارڈ کے مطابق ایکسائز کے اعلیٰ افسر کی گاڑی پر لگایا گیا جوڈیشل سرکاری نمبر جعلی ہے جو کہ محکمہ ایکسائز سے بھی ثابت ہو رہا ہے جبکہ محکمہ ایکسائز پنجاب کی جانب سے دی جانے والی سرکاری گاڑی نمبر LEG 18-7 مذکورہ اعلیٰ افسر کے ذاتی کاموں کےلئے گھریلو استعمال میں رکھی جارہی ہے۔
ایکسائز کے ا علیٰ افسرسول جج کی گاڑ ی کو الاٹ نمبر استعمال کرنے لگے



















