ساہیوال(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ کھیلیں کسی بھی قوم کے نوجوانوں کو جیتنے کے جذبے سے مامور کرتی ہیں اور کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے نوجوان نسل کو کئی قسم کی معاشرتی برائیوں سے بچایا جا سکتا ہے،کھیلوں کی بدولت انسان میں سپورٹس مین کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل ہر انسان کی زندگی کیلئے ضروری ہے جو ہمیں جسمانی طور پر فٹ اور مضبوط رکھتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج ساہیوال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ڈویژنل سطح پر ہونے والے مقابلوں کے جیتنے والے204کھلاڑیوں کو صوبائی سطح کے مقابلوں میں شرکت کیلئے روانہ کیا گیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے دستوں کی حوصلہ افزائی کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی نے کہا کہ صحتمند دماغ کیلئے صحتمند جسم بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی کسی بھی قوم کا چہرہ ہوتے ہیں جو مثبت جذبوں کو ابھارتے ہیں۔ پرنسپل گورنمنٹ کالج پروفیسر ممتاز احمد وٹو نے کہا کہ تمام کھلاڑی جیت کے لئے میدان میں اتریں۔ انہوں نے بتایا کہ گورنمنٹ کالج ساہیوال پہلے آٹھ مقابلہ جات میں ڈویژن لیول پر پہلی پوزیشنز حاصل کر چکا ہے۔ انہوں نے کھیلوں کے انعقاد پر سیکرٹری تعلیم جاوید اختر محمود کا شکریہ بھی ادا کیا۔دریں اثناءساہیوال بورڈ نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2023کے نتائج کا اعلان کر دیا، نتائج کا اعلان کمشنر ساہیوال/ چیئرپرسن بورڈ شعیب اقبال سید نے اپنے دفتر میں کیا۔ امتحانات میں 45063 طلبہ و طالبات نے شرکت کی جن میں سے 23414 طلبہ و طالبات نے کامیابی حاصل کی اور اس طرح کامیابی کا تناسب 52 فیصد رہا۔کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رانا نوید عظمت نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات میں 35918 ریگولر طلبہ و طالبات نے شرکت کی جن میں سے20404 کامیاب ہوئے اور ان کی کامیابی کا تناسب 56.81فی صد رہا۔ اسی طرح 182پرائیویٹ طلبہ و طالبات نے بھی امتحانات میں شمولیت کی جن میں سے 54 کامیاب ہو سکے اور ان کی کامیابی کا تناسب 29.67فی صد رہا۔ نتائج کے اعلان کرنے کی تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائیریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق،کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رانا نوید عظمت اور سپرنٹنڈنٹ انٹر برانچ محمد مبشر اعظم سمیت متعلقہ عملہ بھی موجود تھا۔طلبہ و طالبات نتائج 800292 پر رولنمبر ایس ایم ایس کرکے اور www.bisesahiwal.edu.pkسے بھی رزلٹ دیکھ سکتے ہیں۔ نتائج کی بروقت تیاری پرکمشنر/ چیئرمین شعیب اقبال سید نے انٹر برانچ کے تمام عملہ کو مبارک باد دی۔
کھیلوں سے سپورٹس مین سپرٹ پیدا ہوتی ہے: کمشنر ساہیوال



















