اسلام آباد،لاہور،ملتان(بیورورپورٹ،خبر نگار)بجلی چوری میں ملوث افسروں کیخلاف سخت کریک ڈاﺅن،1955 پر مقدمات،21 کوگرفتار کرلیا گیا ،آئیسکو کے مختلف کیڈرز کے 258 افسرتبدیل کردئیے گئے۔
ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران لیسکو 351 ،گیپکو 138،فیسکو195، آئیسکو 219، میپکو 314، پیسکو کے 299 افسروں کےخلاف محکمانہ انکوائری شروع کر دی گئی ،248بدنام و منفی ساکھ کے حامل افسروں کو مختلف علاقوں میں تبدیل کر دیا گیا،تمام کرپٹ عہدیداروں کےخلاف قانونی کارروائیوں کو مزید سخت کرنے کا بھی اعلان کردیا گیا۔
مختلف ڈسٹری بیوشن کمپنیز کے 2199 سے زائد بجلی چوری کے مقدمات سامنے آئے ،1955 کےخلاف ایف آئی آر درج اور 21گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جا چکی،ڈسٹری بیوشن کمپنیوں پر 4 ملین یونٹس بجلی چوری ثابت ہونے پر 164 ملین روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔
ادھر میپکو ٹیم نے پولیس فورس کے ہمراہ صادق آباد میں بجلی چوروں کےخلاف آپریشن کیا،ترجمان میپکو کے مطابق پیپلزپارٹی کے سابق رکن پنجاب اسمبلی ممتاز علی چانگ کے گھربجلی چوری پکڑلی،سابق ایم پی اے نے 15 ایکڑ رقبے کے فارم ہاوس میں ڈائریکٹ تاریں لگارکھی تھیں، 12 سے زائد اے سی چلائے جا رہے تھے، ،میپکو ٹیم نے پولیس کی موجودگی میں کنکشن منقطع کرکے تاریں قبضے میں لیں اور سابق ایم پی اے کےخلاف قانونی کارروائی شروع کردی۔
دوسری جانب لیسکوچیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی لیسکو ریجن میں تیسرے روز بھی بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری رہا، لیسکو ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تیسرے روزآپریشن کے دوران تمام سرکل میں248کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔
تمام بجلی چوروں کےخلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کر دی گئیں،141ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکیں جبکہ اوکاڑہ میںبجلی چوری میں ملوث لیسکو اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا،پکڑے جانے والے کنکشنز میں4 انڈسٹریل،6 زرعی،2کمرشل اور 239ڈومیسٹک شامل تھے،تمام کنکشنز منقطع کر کے 861061 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ،بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑی انڈسٹری و فیکٹریاں بھی ملوث پائی گئیں۔
مزید برآںسیکرٹری پاور راشد لنگڑیال نے کہا ہے بجلی چوری کےخلاف کریک ڈاون بہت زیادہ بے رحم اور ناقابل معافی ہو گا،راشد لنگڑیال نے سوشل میڈیا پر اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا بجلی چوری کے ضمن میں ایک کروڑ 10 لاکھ روپے وصول کرلیے،بجلی چوری کے الزام میں 21 افراد گرفتار اور 16 کروڑ 40 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا،اب تک 40 لاکھ یونٹ بجلی چوری کے 2000 سے زیادہ کیسز کا پتہ چلا ہے۔
بجلی چوری میں ملوث افسروں کیخلاف کریک ڈاﺅن،1955 پر مقدمات،21گرفتار



















