وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی بے نتیجہ، بجلی صارفین کو ریلیف آئی ایم ایف کی منظوری سے مشروط

اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ خبرنگار+ کامرس رپورٹر) وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی بے نتیجہ، بجلی صارفین کو ریلیف آئی ایم ایف کی منظوری سے مشروط، نگران حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈز سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت ہوا، بجلی صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کےلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا، بحث کے بعد کابینہ نے جولائی و اگست کے بل قسطوں میں لئے جانے کی منظوری دےدی۔

وزارت توانائی کی جانب سے دی گئی سفارشات پر آئی ایم ایف سے رجوع کیا جائےگا۔ اجلاس میں 400 یونٹ تک بجلی استعمال کرنےوالے صارفین کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا گیا، 400 یونٹ تک کے بجلی بل آئندہ 6 ماہ میں بذریعہ اقساط وصول کئے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق منظوری آئی ایم ایف سے لی جائےگی، رضامندی کے بعد ریلیف کا اعلان کیا جائےگا۔

ادھر ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق بجلی بلوں میں ممکنہ ریلیف پر آئی ایم ایف کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، ٹیکسیشن میں کمی آئی ایم ایف کو اعتماد میں لئے بنا نہیں کی جاسکتی، رضامندی کے بغیر ٹیکسیشن میں کمی کی گئی تو آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی ہوگی۔ ذرائع کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اور ٹیکسیشن کیلئے آئی ایم ایف سے معاہدہ طے ہوا جس کے تحت سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ پر بجلی بلوں میں ریلیف نہیں دیا جاسکتا، دسمبر تک سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4.37 روپے یونٹ مزید مہنگا ہوگا، 122 ارب وصول کئے جائیں گے۔

قبل ازیں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت نگران کابینہ اجلاس میں ملک کی معاشی صورتحال، بجلی بلوں پر عوامی احتجاج اور پاور ڈویژن کے فارمولے پر غور کیا گیا، پاور ڈویژن نے مفت بجلی کے یونٹس کی فراہمی و مونٹائزیشن پر بریفنگ دیتے ہوئے کہاگریڈ 17 سے 21 کے 15 ہزار 971 ملازمین ماہانہ 70 لاکھ یونٹس مفت بجلی استعمال کرتے ہیں۔ گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین 33 کروڑ یونٹ ماہانہ مفت بجلی استعمال کررہے ہیں جبکہ ایک لاکھ 73 ہزار 200 سرکاری ملازمین سالانہ 10 ارب کی مفت بجلی استعمال کرتے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا گریڈ 17 تا 21 کے ملازمین سالانہ ایک ارب 25 کروڑ جبکہ گریڈ ایک سے 16 کے ملازمین ماہانہ 76 کروڑ 43 لاکھ روپے کی مفت بجلی استعمال کرتے ہیں، گریڈ 17 سے 21 تک ملازمین کی مفت بجلی ختم کرنے سے ماہانہ 19 کروڑ کی بچت ہوگی، مفت بجلی یونٹ ختم کر کے مخصوص رقم تنخواہ میں شامل کرنے سے فرق اور کم ہوجائیگا۔

پاور ڈویژ ن نے بھاری بلز کی ادائیگی سردیوں کے مہینوں میں کرنے، بلز میں کمی کیلئے بازار اور دفاتر شام 6 بجے تک بند کرنے کی تجویز دےدی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ڈسکوز، واپڈا ملازمین کے مفت یونٹس کا معاملہ توانائی کمیٹی کو ارسال کردیا گیا۔

دوسری طرف ایک اور بجلی بم تیار ہوگیا، بجلی کی قیمت میں مزید 2.07 روپے یونٹ اضافے کا امکان ہے، نیپرا فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت بڑھانے کیلئے ڈسکوز کی درخواست پر بدھ کوسماعت کریگا، منظوری کی صورت میں بجلی صارفین پر 35 ارب کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

دریں اثناءظالمانہ بلوں کیخلاف عوام کے مظاہرے نہ رُکے، شہر شہر احتجاج میں بل، ٹائر نذر آتش کئے گئے، مظاہرین نے کہا بجلی کے بل بھریں یا بچوں کا پیٹ پالیں، بلوں میں اتنے ٹیکس زندگی میں پہلے کبھی نہیں دیکھے، حکومت فوری اضافہ ختم کرے، ظالمانہ ٹیکسز واپس نہ لئے گئے تو واپڈا دفاتر میں دھرنا دیں گے۔

انجمن تاجران لاہور نے ہڑتال کیلئے 72 گھنٹے کا اُلٹی میٹم جبکہ انجمن تاجران پاکستان سپریم کونسل نے احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان کردیا۔

نعیم میر نے کہا یکم ستمبر سے ہفتہ وار احتجاجی کیمپ لگائیں گے۔ بلوں کے معاملے پر حکومت سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، یکم ستمبر سے اپنی احتجاجی مہم شروع کررہے ہیں، ہر منگل کو لاہور کی کوئی ایک مارکیٹ کی تاجر برادری احتجاج کریگی، پریس کلب کے باہر احتجاجی کیمپ لگائیں گے،نعیم میر نے کہابجلی چور کا ہاتھ کاٹا جائے، چوروں و مفت بجلی لینے والے سرکاری ادارے کےخلاف کارروائی کریں، خیبرپختوا اور بلوچستان میں بجلی چوروں کےخلاف ضرب عضب کی طرز پر کریک ڈاﺅن کیا جائے ہم یہ بھی کہتے ہیں بجلی چور صنعتکاروں و تاجروں کو ہر چوراہے پر کوڑے لگائے جائیں، بجلی چوروں کی پراپرٹیز بحق سرکار ضبط کی جائے۔ تاجر، عوامی احتجاج کا ہراوّل دستہ بنے رہیں، تاجر ملک بھر میں ہونے والے ہر احتجاج میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔